خان صاحب فکر نہ کریں آپ کی حکومت نہیں گرائیں گے: بلاول

خیرپور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹور زرداری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس سے چیخیں آرہی ہیں لیکن خان صاحب فکر نہ کریں آپ کی حکومت نہیں گرائیں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی کا ’کاروان بھٹو‘ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں خیرپور ریلوے اسٹیشن پہنچ گیا ہے جہاں کارکنوں اور جیالوں کی بڑی تعداد نے والہانہ استقبال کیا۔ اس سے قبل پڈعیدن اور رانی پور میں کارکنوں سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے چیخیں آرہی ہیں لیکن خان صاحب فکر نہ کریں آپ کی حکومت نہیں گرائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پیپلز پارٹی کا ٹرین مارچ نہیں ہے، جب پیپلز پارٹی لانگ مارچ اور ٹرین مارچ کی کال دے گی تو انہیں پتا چل جائے گا کہ احتجاج، دھرنا اور سیاست کیا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب پر اعتراض نہیں لیکن احتساب کے نام پر پولیٹیکل انجینئرنگ قبول نہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کارکنان 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں جمع ہوکر دنیا کو پیغام دیں کہ جیالے موجود ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کا کاروان بھٹو ٹرین مارچ کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے شروع ہوا ہے جو کہ لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔راستے میں مختلف ریلوے اسٹیشنز پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔
