صوبہ بھر میں زرعی انقلاب کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں، سید یاور بخاری

محکمہ زراعت اٹک کے زیر اہتمام گندم کی پیداوار بڑھانے سے متعلق قومی منصوبے کے نام سے منعقد ہ ایک سیمینار سے خطاب، ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر و دیگر بھی موجود تھے
اٹک(ڈیلی اٹک نیوز ) چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ بھر میں زرعی انقلاب کے لیے راہ ہموار کی جارہی ہے اور اس ضمن میں خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے ان خیا لات کا اظہارمحکمہ زراعت اٹک کے زیر اہتمام گندم کی پیداوار بڑھانے سے متعلق قومی منصوبے کے نام سے منعقد ہ ایک سیمینار میں بحیثیت مہمان خصوصی کیا۔تقر یب میں ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر،محکمہ زراعت کے افسران،کاشت کاران اور دیگر افراد کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب اس وقت 300 ارب کی خطیر رقم سے زرعی تر قی کے لیے کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہماری معیشت کا بڑی انحصار زراعت پر ہے۔اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم زراعت کے میدان میں زیادہ سے زیادہ کامیابی حاصل کر یں۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے ڈی سی اٹک علی عنان قمر نے کہا کہ محکمہ زراعت اٹک زرعی میدان میں انقلابی اقدامات کر رہا ہے اور ان کے ثمرات ضلع کے زمینداروں،کاشتکاروں،کسانوں اور عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں محکمہ زراعت کو کامیاب سیمینار کر وانے پر مبارکباد دی۔قبل ازیں چیئر مین پنجاب اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری اور ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے زرعی سٹالوں کامعائنہ بھی کیا۔
