تارکین وطن ریاست میں سرمایہ کاری کریں،بھرپور سہولیات دینگے،فاروق حیدر

لوٹن(صباح نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ برطانیہ سمیت یورپی ممالک میں مقیم تارکین وطن سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیئے کام کریں متحد و منظم ہو کر ہم مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر سکتے ہیں مقبوضہ کشمیر میںبھارت کی ریاستی دہشت گردی اور قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو یورپ سمیت دنیا بھر میں بے نقاب کیا جائے اور دنیا کو بتایا جائے کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم وبربریت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں شروع کر رکھی ہیں تارکین وطن ہمارے سفیر ہیں تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لیئے جاندار پالیسی تشکیل دی گئی ہے پاکستانی سفارتخانوں میں اوورسیز ڈیسک متحرک کیئے جائیں گے اور تارکین وطن کو ریاست کے اندر سرمایہ کاری کے لیئے ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات مہیا کریں گے اور اوورسیز انویسٹمنٹ بورڈ کے ذریعے تارکین وطن کو سرمایہ کاری کے لیے قانونی تحفظ مہیا کریں گے آزادکشمیر میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت نے تین ترجیحات کا تعین کر رکھا ہے حکومت ان تین ترجیحات کو مد نظر رکھ کر کام کر رہی ہے یہ تین ترجیحات تحریک آزادی کشمیر ،گڈ گورننس اور تعمیر و ترقی ہیں وزیراعظم آزادکشمیر لیوٹن میں تارکین وطن کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے اجتماع سے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،ممبر اسمبلی جاوید اقبال ،لارڈ قربان حسین ،زبیر اقبال کیانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیح ہے تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیئے منظم حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں تارکین وطن جان دار اور کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں تارکین وطن متحد و منظم ہو کر تحریک آزادی کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیئے آگے بڑھیں یورپ میںبھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے تارکین وطن اپنا بھرپور کردار ادا کریں انسانی حقوق کی پامالیوں پر دنیا کا کوئی ملک بھارت کا ساتھ نہیں دے سکتا اور نہ دے گا بھارتی دہشت گردی اور مظالم کو دنیا کے سامنے لا کر ہندوستان کو دنیا میں تنہا کیا جا سکتا ہے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تارکین وطن ملک و قوم کا سرمایہ ہیں حکومت آزاد کشمیر تارکین وطن کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اس مقصد کے لیئے جامع حکمت عملی اختیار کی گئی ہے آزاد کشمیر میں آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے گڈ گورننس کو فروغ دے کر ادارے مستحکم بنائے جا رہے ہیں عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لئے لا کمیشن فعال کیا جا رہا ہے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے 10فیملی کورٹس کا قیام عمل میں لا کر فیملی کورٹس کو 6ماہ کے اندر مقدمات کے فیصلوں کا پابند بنایا گیا ہے لاء کمیشن کے فعال ہونے سے برسوں تک چلنے والے مقدمات کا سلسلہ ختم ہو گا اور عوام کو بروقت انصاف مہیا ہو سکے گا حکومت آزاد کشمیر نے ریاست کے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیئے فری ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا آغاز کیا ہے جس سے ایمرجنسی میں عوام کو مفت طبی سہولیات اور ادویات میسر ہیں اس پروگرام میں مرحلہ وار بنیادوں پر توسیع کی جائے گی میرٹ کی بحالی کے لئے پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو کی گئی ہے اور معلمین کی بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کی جا رہی ہیں اب پولیس کانسٹیبلان اور پٹواریوں کی بھرتی کے لئے بھی این ٹی ایس کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ حکومت آزادکشمیر خطہ کے اندر اصلاحات کے لیئے کوشاں ہے اور نظام میں بہتری کے لیئے مرحلہ وار بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اداروں میں اصلاحات کے لیئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم ہے جس کی تجاویز کی روشنی میں اداروں کی سطح پر اصلاحات لائی جا رہی ہیں ۔
