ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:فاروق حیدر

مظفرآباد( وقائع نگار)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادخطہ کے اندر ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگااور نہ ہی ترقیاتی بجٹ کے بروقت تصرف میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت کی جائیگی۔ آفیسران منصوبوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں ،وزراء اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی مانیٹرکریں، آزادکشمیر کو 22ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ویسے ہی نہیں مل گیا ،ترقیاتی اخراجات یقینی بنانے کے بعد آئندہ سال بھی بجٹ میں اضافہ یقینی بنائیں گے ۔ آزادکشمیر حکومت کو پہلی مرتبہ ترقیاتی بجٹ کی اقساط بروقت ریلیز کی گئی ہیں ،22ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں 15ارب روپے سے زائد کی رقم ریلیز ہو چکی ہے ۔ 31مارچ تک بجٹ کا سو فیصد تصرف یقینی بنایا جائے ۔جو محکمہ بجٹ خرچ نہیں کریگا اسے جواب دینا پڑیگااور نتائج بھگتنا ہونگے ۔ آزادحکومت کی آمدن میں اضافہ اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ آمدن میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں ،آمدن کے اندر رہ کر اخراجات کیے جانے چاہیں ۔ آزادکشمیر کے اندر ایک بہتر اور ذمہ دار حکومت کا قیام عمل میں لائیں گے اور ریاست کی آمدن میں اضافے کے حوالے سے پالیسی وضع کرینگے ۔ ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ خطہ کی تعمیر وترقی کیلئے پوری استعدا د کار کے ساتھ کام کریں، شاہرات کی حالت بہتر بنانا چاہتے ہیں ، نئی بننے والی سڑکوں کو درست کیا جائے ، ان کی دیکھ بھال کی جائے ، اور ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے کہ نو تعمیر شدہ شاہرات جلد خراب نہ ہوں۔ عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لینے والے ملازمین جواب دہ ہیں ،گریڈوں کے چکر میں نہ پڑیں اس حوالے سے ڈرامہ بازی اب نہیں چلے گی۔ یہ بات تسلیم نہیں کی جائے گی کہ جو نیئر گریڈ کا افسر مانیٹرنگ کیوں کررہا ہے ،ہر گریڈ 20کا آفیسر سیکرٹری لگنا چاہتاہے، ایسا ممکن نہیں ۔ وزیر اعظم کا کہناتھا کہ جناح ماڈل ٹائون کے صرف ایک منصوبے میں 1ارب 32کروڑ کی کرپشن کی گئی ،سرکاری ملازم پھنس گئے جبکہ جھنڈی بردار بچ گئے ۔آفیسران سیکرٹری لگنے کے چکر میں ماضی میں غلط کام کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم تاریکن وطن کو واپس لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ یہاں سرمایہ کاری کر سکیں ۔ تارکیں وطن کا ریاست پر اعتما د بحال کرینگے ۔ ان کا کہناتھا کہ ترقیاتی بجٹ میں ضافہ کرتے ہوئے 12ارب کو 22ارب روپے کر دیا گیا ہے ۔اس بجٹ کا بروقت تصرف بھی ایک چیلنج ہے ۔ ترقیاتی بجٹ کے بروقت استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جو محکمہ جات بروقت بجٹ خرچ نہیں کر سکے یا جن محکمہ جات کی کارکردگی سست روی کا شکار ہے چیف سیکرٹری ان محکمہ جات سے وضاحت طلب کریں۔انہوںنے کہا کہ تمام محکمہ جات اپنے اپنے جاری و تکمیل شدہ منصوبہ جات کی الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا پر تشہیر کا انتظام کریں ۔ اس سلسلہ میں سوشل میڈیاکا بھی استعمال کیا جائے تاکہ عوام الناس حکومتی کارکرگی سے باخبر رہ سکیں۔محکمہ جنگلات اس سال بھرپور شجرکاری کرے اگلے سال بھمبر ،برنالہ سمیت دیگر علاقوں میں میگا پراجیکٹ کے تحت شجرکاری کی جاے میرپور واٹر سپلائی سکیمز پر کام جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے نئے پراسس کو فوری طورپر شروع کیا جائے بڑے پراجیکٹس کا انتظام اور ان کی مانیٹرنگ بہترین بنائی جاے ،رٹھوعہ ہریام پل کا کام مکمل کرنے کے حوالے سے آزاد حکومت کے ذمہ جو ذمہ داریاں ہیں انہیں جلد از جلد مکمل کیا جاے ،وزیراعلی پنجاب کی جانب سے پچہتر کروڑ روپے کی فراہمی پر ان کے شکر گزار ہیں اگلے مہینہ وہ بلاسود قرضوں کے منصوبے کا مظفرآباد میں افتتاح کریں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ راولاکوٹ واٹر سپلائی سکیم کو جلد از جلد مکمل کیا جاے کام میں تاخیر کے باعث سیاحوں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاے ،ضلعی آفیسران ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ کریں اور وہاں کس بھی قسم کی نااہلی یا سستی برداشت نہیں کی جائیگی وزیراعظم نے کہا کہ مہاجرین جموں وکشمیر 89 کی مشکلات اب ختم ہونی چاہیں انہوں نے بہت تکالیف برداشت کر دیں ہماری حکومت نے ان کے لیے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا عزم کررکھا ہے ۔
