آزادکشمیر کے زلزلہ منصوبوں کے لیے 33کروڑ کی قسط جاری

مظفرآباد(وقائع نگار) آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیرنو پروگرام کے تحت تعلیم ،صحت ، گورننس ،ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں زیر تکمیل منصوبوں کے لیے ایرا ء نے 33کروڑ روپے کی تیسری سہ ماہی قسط سیرا کو جاری کردی ،سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم نے ڈسٹرکٹ ری کنسٹرکشن یونٹس مظفرآباد ، باغ اور راولاکوٹ کے پروگرام منیجرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فوری طور پر منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں اورتعمیراتی کمپنیوں کے بلات کے ادائیگی کرتے ہوئے منصوبوں پر کام کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کریں ۔سردارمحمدفاروق تبسم سیکرٹری سیرا نے پروگرا م منیجر ز کو زیر تکمیل منصوبوں پر کام کے معیار اور رفتار کی موثر مانیٹرنگ اور جلد تکمیل کی ہدایت کی ۔واضح رہے کہ آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیم ،صحت ،گورننس سمیت 12سیکٹرز پر مشتمل منصوبے زیر تعمیر ہیں جن میں سب سے بڑا سیکٹر شعبہ تعلیم کاہے ایراء کی جانب سے سب سے زیادہ رقم شعبہ تعلیم کے منصوبوں کیلئے مختص کی گئی ہے ۔