تنظیم سازی اور عہدوں میں تبدیلی معمول کا حصہ ہے :شیخ آفتاب احمد 

اٹک :مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) کی تنظیم سازی اور عہدوں میں تبدیلی کا معاملہ تنظیموں کے معمول کا حصہ ہے اس کا عوامی مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور ماضی میں بھی ایسے اقدامات ہوتے رہے ہیں لیکن میں حیران ہوں کہ حکومتی وزراءتمام تر ملکی مسائل سے توجہ ہٹا کر صرف اس معاملہ پر بیان بازی کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ملکی معیشت تباہ ہوتی جا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ( ن ) اٹک کینٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، تحصیل صدر کونسلر میاں شاہنواز المعروف شانی بھائی ، سٹی صدر شیخ محمود الہٰی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، شیخ عواد صفدر ، شیخ حامد قدوس ، تیمور شاہ ، شیخ بلال احمد بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہر دن گزشتہ سے بدتر حالات پیدا کر رہا ہے ادویات کی قیمتوں میں تاریخ ساز اضافہ ، بجلی ، گیس کے نرخوں میں اضافہ پر کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی ، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال رہا ہے اور اسٹاک ایکسچینج ، زرمبادلہ کے ذخائر روز بروز تنزلی کی طرف جا رہے ہیں ایسی صورتحال کی طرف سنجیدگی سے توجہ مبذول کرنے کے بجائے حکومت کو اس بات کی فکر لاحق ہو گئی ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) میں تنظیم سازی کیوں ہو رہی ہے جھوٹی تبدیلی کے نعروں نے عوام کو جس مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے اس میں سے نکالنے کے لئے اب ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے یہ ذہنی طور پر ابھی تک کنٹینر پر ہی سوار ہیں اور وہی الزامات کی سیاست کر رہے ہیں جس کا آج تک وہ ثبوت قوم کے سامنے پیش نہیں کر سکے اگر محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت وزیر اعظم عمران خان کے پاس ہیں تو اس کو قوم کے سامنے لائیں اور جس این آر او کا ذکر آپ کی ہر تقریر میں ہوتا ہے ان سب کے نام سامنے لائیں جنہوں نے آپ سے درخواست کی ہے یہ جھوٹی کہانیاں قوم کو سنانا چھوڑ دیں اور ملکی مسائل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دیں۔