پنجاب میں 115 نئے اراضی سنٹرز قائم کر رہے ہیں، کرنل (ر) انور

صوبائی وزیر کرنل (ر) ملک محمد انور سے ایم پی اے ملک جمشید الطاف و دیگر کی ملاقات، پنڈسلطانی اور چھپ کے کمپیوٹرز ریکارڈ سنٹر بارے تبادلہ خیال

پنجاب حکومت کی طرف سے بنائے گئے نئے اراضی سنٹرز 31 دسمبر سے اپنے کام کا آغاز کر دیں گے ، صوبائی وزیر مال اینڈ ریونیو

اٹک: پنجاب حکومت مختلف اضلاع میں عوام کی سہولت کیلئے 115 نئے اراضی سنٹرز قائم کر رہی ہے جو 31 دسمبر سے اپنے کام کا آغاز کر دیں گے ان اراضی سنٹرز پر عوام کو اپنی جائیدادوں کی فرد ملکیت کے حصول اور انتقال اراضی کی سہولت میسر آئے گی یہ بات صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ صوبہ کے 36 اضلاع میں 153 پہلے سے قائم اراضی ریکارڈ سنٹرز شہریوں کو ان کی جائیدادوں کے حوالہ سے مختلف سہولیات مہیا کر رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ بورڈ آف ریونیو جدید ٹیکنالوجی سے لیس 20 نئی سٹیٹ آف دی آرٹ موبائل وینز بھی خرید رہا ہے یہ موبائل وینز ضرورت مند افراد کو جائیداد سے متعلق ضروری سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کریں گی۔

 

 اسی طرح دیہی آبادی کوجائیداد کی فرد اور انتقالات کے ساتھ ساتھ زرعی زمینوں کی دستاویزات کے حصول کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے بورڈ آف ریونیو نے کمپیوٹر ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ریونیو کے معاملات میں عام آدمی کی زندگی میں انقلاب برپا کیا ہے اس طرح کسانوں اور دیگر افراد کو پٹواریوں اور سرکاری اہلکاروں کے در پر خوار نہیں ہونا پڑے گا ریونیو معاملات میں شفافیت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کی جائیدادیں قبضہ گروپوں سے محفوظ رہیں ۔