پنجاب میں اکھاڑپچھاڑ، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او اٹک بھی تبدیل

ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری کی جگہ محمد حسن اقبال تعینات، ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی کی جگہ علی عنان قمر کو ڈپٹی کمشنر اٹک تعینات کر دیا گیا
اٹک(صدیق فخر سے) پنجاب میں بیورو کریسی کی اکھاڑ پچھاڑ میں ضلع اٹک بھی نہ بچ سکا، ضلع اٹک کی دونوں انتہائی اہمیت کی حامل انتظامی نشستوں پر بھی تبدیلیاں کر دی گئیں، ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری کو اے آئی جی ڈویلپمنٹ سی پی او پنجاب لاہور اور ان کے عہدے پر تعینات محمد حسن اقبال کو ڈی پی او اٹک تعینات کر دیا گیا دوسری طرف ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ علی عنان قمر کو ڈپٹی کمشنر اٹک تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اٹک سے تبدیل ہونے والے دونوں افسران ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی اور ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے اپنے فرائض منصبی پوری ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیئے جس کی وجہ سے انہیں ضلع اٹک کی عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام حاصل تھا اور ان کی اٹک کیلئے خدمات پر ضلع اٹک کی عوام کی طرف سے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ۔
