فضل الرحمن کا مارچ درحقیقت مہنگائی کے سونامی کیخلاف ہے: شیخ آفتاب احمد

اٹک :مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے مارچ کو مذہبی کارڈ سے منسوب کرنے والے لوگوں کی آنکھوں میں مزید دھول نہیں جھونک سکتے ۔
یہ مارچ درحقیقت مہنگائی کے اس سونامی کے خلاف ہے جو نام نہاد تبدیلی کی صورت میں عوام پر مسلط کیا گیا ہے اس مارچ کا مذہبی کارڈ سے کوئی تعلق نہیں جس کے گھر میں فاقہ کشی کی نوبت آ چکی ہو اور حکومت پھر بھی اس خوش فہمی میں رہے کہ قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور اقوام متحدہ کی تقریر سے لوگوں کے پیٹ بھر جائیں گے اس خوش فہمی کو دور کرنے کا آسان طریقہ ریفرنڈم ہے لوگوں کی رائے کا جائزہ سامنے آ جائے گا آپ کی جھوٹی تبدیلی سے ہر طبقہ پریشان حال ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کی نامور کاروباری شخصیات نے آرمی چیف سے ملاقات میں ملکی معاشی و کاروباری صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ( ن ) سیکرٹریٹ اٹک میں ضلع بھر سے آئے ہوئے مسلم لیگ کے عہدیداروں اور مختلف وفود سے بات چیت میں کیا ہے۔
اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، تحصیل صدر میاں شاہنواز شانی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، شیخ عواد صفدر ، شیخ حامد قدوس ، سرپرست اعلیٰ اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان ، جوائنٹ سیکرٹری شیخ بابر قیوم ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان الحاج پرویز خان اور دیگر موجود تھے انہوں نے کہا کہ متوسط طبقہ کے لیے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنا بھی ناممکن ہو چکا ہے پھر بھی جب کسی حکومتی وزیر سے معاشی صورتحال پر بات کی جائے تو وہ سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہوتے ہیں تاہم حقیقت یہ ہے کہ اب عوام کی قوت برداشت ختم ہو چکی ہے اب وہ خود چاہتے ہیں کہ کوئی قیادت انہیں لیڈ کرئے تاکہ ان کے مسائل کا مداوا کیا جا سکے محمد نواز شریف نے ہمیشہ جمہوری رویہ اپنایا انہوں نے ووٹ کے تقدس کو تسلیم کیا یہی وجہ ہے کہ جب مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ملکر کے پی میں ( ن ) لیگ حکومت بنا سکتی تھی تب بھی محمد نواز شریف نے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کیا اور حکومت بنانے اور چلانے کا موقع دیا بلوچستان میں اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے آج کھینچاتانی کی سیاست کی جا رہی ہے۔
