حکومت کرونا وائرس سے بچاؤ ،تشخیص کیلئے اقدامات کرے، ملک شاہان حاکمین

اٹک ( ڈیلی اٹک نیوز ) سابق ممبر پنجاب اسمبلی و رہنما پی پی پی ملک شاہان حاکمین خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کرونا وائرس سے بچاؤ ، تشخیص اور علاج میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے ۔
ضلع اٹک میں بیرون ممالک خاص کر ایران سے واپس آنے والے زائرین کی معلومات تک نہیں ہیں کہ کتنے زائرین واپس آئے اور ان کی تشخیص کس طریقہ سے ہوئی کہ ان میں کرونا وائرس نہیں ہے ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر تو سینیٹائزر لگا دیئے گئے ہیں مگر غریب عوام کو جراثیم سے بچانے کے لئے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں غریب عوام تو دو وقت کی روٹی نہیں کما سکتی تو جراثیم سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کیسے کر سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر سے ان کے دفتر میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے بتایا کہ جہاں تک میری معلومات ہیں اٹک میں بھی ایک یا دو کیس رپورٹ ہو رہے ہیں ہمارا حکومت سے سادہ سا سوال ہے کہ عام شہریوں کو اس سے بچاؤ کے لئے ہسپتالوں میں کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
اور اس بیماری کی تشخیص اور علاج کی کتنی سہولتیں ضلع اٹک میں عوام کو مہیا ہیں اس سے میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا جائے اس بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لئے صرف اعلانات ، بیانات اور اجلاسوں سے کام نہیں چلے گا حکومت کو عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے جو کہ ابھی تک نہیں اٹھائے گئے ہیں حکومت اس ایشو کو سنجیدگی سے لے اور فوری طور پر عام عوام کو اس سے بچانے کے لئے اگر صحیح معنوں میں کام نہ کیا گیا اور اقدامات نہ اٹھائے گئے تو قوم ان حکمرانوں کو معاف نہیں کرے گی ۔
