مظفرآباد ،منگلا موٹروے کی منظوری خشت اول ہے:وزرائ

مظفرآباد(وقائع نگار)وزراء حکومت ڈاکٹرنجیب نقی ،محترمہ نورین عارف ،چوہدری محمد سعید ،ممبران اسمبلی کرنل (ر)وقار نور ،سید علی رضا بخاری نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا اعلان کردہ میگا پراجیکٹ مانسہرہ تا مظفرآباد ،منگلا موٹروے کی منظوری آزادکشمیر کی ترقی او ر خوشحالی کی خشت اول ہے وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہے دوسری سہ ماہی کے آغاز کے ساتھ ہی آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کی دوسری قسط 4ارب 6کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے ابتدائی 4ماہ میں آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیئے 8ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے ہیں ماضی میں اتنی رقم ایک سال میں بھی آزادکشمیر کو نہیں ملتی تھی میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آزادکشمیر میں جو چھوٹے موٹے مالیاتی مسائل ہیں یہ ماضی کے حکمرانوں کی بدعنوانیوں ،بداعمالیوں اور بدانتظامیوں کا نتیجہ ہے ان مسائل پر جلد قابو پالیا جائے گاانہوں نے کہا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف نے آزادخطہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیئے جتنے بھی منصوبوں کے اعلان کر رکھے ہیں ان پر عملدرآمد ہو گا اور یہ منصوبے مکمل ہوں گے ان منصوبوں کی تکمیل سے آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کا حقیقی دور شروع ہو گا انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے ضلع میرپور میں سی پیک کے تحت بننے والے ملک کے نویں بڑے صنعتی زون کی سائیٹ کی سلیکشن کے لیے آزادحکومت نے خصوصی سکیم کی منظوری دے دی ہے میرپور میںبڑے صنعتی زون کے قیام سے آزاد کشمیر میں اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے آزاد کشمیر میں لیگی حکومت راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں خطہ کو حقیقی ترقی سے ہمکنار کرنے کے لیئے کوشاں ہے اور خطہ میں اقتصادی خوشحالی کے لیئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔