اداروں سے تصادم خطرناک کھیل،نوازشریف ملک کو دائو پر لگانے جا رہے ہیں،آصف زرداری

اسلام آباد(اے این این) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہاہے کہ نوازشریف اداروں سے تصادم کا خطرناک کھیل کھیلنے جارہے ہیں اور اپنی ذات و خاندان کیلئے ملکی سلامتی داو ٔپر لگا رہے ہیں۔جمعرات کو یہاں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں اظہارخیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف اداروں سے تصادم کا خطرناک کھیل کھیلنے جارہے ہیں وہ پاکستان کو اس طرف لے جا رہے ہیں جہاں کسی سے نہ سنبھل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اپنی ذات اورخاندان کے لیے ملکی سلامتی دا ؤپر لگا رہے ہیں، وہ پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جہاں ریاستی ادارے تباہ ہوں وہاں خانہ جنگی ہوتی ہے، ریاستی ادارے ٹوٹ جائیں تو ملکوں کا حال افغانستان،عراق، لیبیا جیسا ہوتا ہے، جن ملکوں کے ریاستی ادارے ٹوٹے انہیں امریکی، نیٹو افواج بھی نہ سنبھال پائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نواز شریف کو یہ خطرناک کھیل نہیں کھیلنے دے گی کیونکہ یہ لوگ ملک تباہ کرکے بھاگ جائیں گے لیکن ہم نے یہیں رہنا ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بدھ کو بھی نوازشریف کے عدلیہ سے متعلق بیان پر آصف زرداری نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف سے تعاون ملک دشمنی جیسا ہوگا۔
