مسلم کانفرنس تحریک آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، اقبال انقلابی

بھمبر( ڈسٹرکٹ رپورٹر) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے ضلعی صدر اقبال انقلابی نے کہا ہے کہ کشمیر ی آگ اور خون کے دریا عبور کر رہے ہیں کشمیری شہداء کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں کشمیری جلد آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے اقوام عالم نے دوہرا معیار ترک نہ کیا تو جنوبی ایشیاء میں ایسی خونی آگ بھڑ کے گی کہ کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔ مسلم کانفرنس نظریاتی قوت کی حامل کشمیریوں کی سیاسی قوت ہے جس نے تحریک آزادی کو دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا کارکن صدر جماعت سردار عتیق احمد کی قیادت میں پاکستان کے استحکام اور تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار اقبال انقلابی نے یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ، تقریب کی صدارت سٹی صدر طارق محمود بٹ نے کی، تقریب میں عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی ، اقبال انقلابی نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے ظلم و ستم کے ایسے پہاڑ توڑے جن کو سن کر انسانیت کے رونگٹے کھڑ ے ہو جاتے ہیں بھارت کشمیریوں کو شہید کرکے ان کو گمنام قبروں میں دفن کرکے یہ سمجھتی ہے کہ وہ اس تحریک پر قابو پالیں گے مگر ظلم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلہ کو پست نہیں کرسکا ، تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ جو قوم اپنی دھرتی کو بڑے بڑے قبرستانوں سے آباد کرتی ہے تو وہ اپنے گوہر مقصود کو ہر صورت پا لیتی ہے بھارت نے خوبصورت اور پُر امن وادی کو بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگین کرکے ساری دنیا کی نظر میں آچکا ہے کشمیر میں آزادی کے ترانے گونج رہے ہیں جن سے خوفزدہ ہو کر بھارت کا کشمیریوں پر ظلم کا سلسلہ طویل سے طویل ہوتا جارہا ہے مسلم کانفرنس کے کارکن کشمیر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ اس تحریک میں ہم آپکے ساتھ ہین اور کشمیر ی شہداء کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں اور کشمیری بہت جلد آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔