مشتاق مہناس کو پیپلز پارٹی فوبیا ہو چکا،گلنوازخالق
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)پاکستان پیپلز پار ٹی آزادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار گل نواز خالق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق منہاس کو پیپلزپارٹی فوبیا ہو گیا ہے اُنہیں ہر تیسرے مہینے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف بیان بازی کے ذریعے الزام تراشی کا دروہ پڑتا ہے۔ جس کے باعث وہ من گھڑت اور جھوٹی کہانیاں گھڑ کر آزادکشمیر کے سیاسی ماحول کو پراگندہ کر رہے ہیں وہ بدھ کے روز پارٹی آفس میں پیپلز لائرز فورم آزادکشمیر کے ایک وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سردار گل نواز خالق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نوازشریف اور اُن کا ٹبر اگر چوری اور منی لانڈرنگ میں نااہل ہو کر آئے روز عدالتوں میں رسوا ہو رہا ہے اور عنقریب اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے تو اس میں پیپلزپارٹی اور اُس کے قائدین کا کیا قصور ہے یہ سب اُن کے اپنے کالے کرتوتوں کے باعث ہو رہا ہے تاہم مشتاق منہاس اپنے آقائوں کی پشیمانی کی وجہ سے اپنی خفت مٹانے کے لئے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر عوام کی توجہ شریف فیملی کے فراڈ سے ہٹانے کے لئے ڈرامہ بازی کر رہا ہے۔ انہوں نے مشتاق منہاس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اُنہوں نے اپنی روش نہ بدلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف ہرزہ سرائی جاری رکھی تو پیپلز لائرز فورم اُن کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی کرے گا بلکہ اُن کی کرپشن سے بنائی گئی جائیدادوں اور مخفی دولت کو منظر پر لانے سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔
