جنڈ:پسماندہ ترین یوسی مکھڈ’’تبدیلی کی منتظر‘‘،80 فیصد آبادی بنیادی سہولیات سے محروم، پتھروں کے دور کی زندگی بسر کرنے پر مجبور

اسلا م آباد (صدیق فخر سے) پنجاب کی پسماندہ ترین تحصیل جنڈ کی یونین کونسل مکھڈ کی 80 فیصد آبادی بنیادی سہولیات سے محروم، اس اکیسویں صدی میں بھی پتھروں کے دور کی زندگی بسرکرنے پر مجبور، تفصیلات کے مطابق ضلع اٹک ، میانوالی، چکوال ، خیبرپختونخواہ کے درمیان واقع یونین کونسل مکھڈ کی80 فیصد آبادی اس اکیسویں صدی میں بھی پینے کا صاف پانی، بجلی، صحت و دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور اہلیان علاقہ پتھروں کے دور کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ جنرل الیکشن میں جب ’’تبدیلی‘‘ کا نعرہ گونج رہا تھا تو یہاں کے مکینوں نے بھی سوچا کہ شاید اس ’’نئے پاکستان‘‘ میں ہم بھی شامل ہو جائیں اور بنیادی سہولیات میسر آ جائیں لیکن کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی پورے پاکستان کی طرح اس یونین کونسل میں بھی ’’تبدیلی‘‘ نہ پہنچ سکی۔ اہلیان علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہم بھی پاکستان کا حصہ ہیں اور حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ ہمیں بنیادی سہولیات فراہم کرے ہماری 80 فیصد آبادی تاحال بجلی کی سہولت سے محروم ہے، ترجیحی بنیادوں پر بجلی فراہم کی جائے۔
