مسئلہ کشمیر پر امریکا اثرو رسوخ استعمال کرے اور بھارت کو سمجھائے: شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات بگڑتے جا رہے ہیں، امریکا اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے اور بھارت کو سمجھائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کو شہید کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد موجود ہے کہ کشمیر متنازع علاقہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی سامنے آچکی ہے کہ بھارت خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کی بات خطے کے حالات کو سامنے رکھ کر کی ہے، ٹرمپ کی پیشکش پر اُن کے شکر گزار ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے امریکی صدر کی پیشکش پر آمادگی ظاہر کر دی ہے لیکن بھارت کشمیر پر مذاکرات سے کترا رہا ہے۔
