اے این ایف کی کراچی پورٹ پر بڑی کارروائی میں 98 کروڑ کی منشیات برآمد

کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے بیرون ملک بھجوائے کے لیے کنٹینر سے 98 کروڑ روپے مالیت کی بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
اے این ایف نے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی منشیات قبضے میں کرلی، اے این ایف ترجمان کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر ساؤتھ ایشین پاکستان ٹرمینل پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اے این ایف کے مطابق ہیروئن کنٹینر کے ذریعے ہالینڈ بھجوائی جا رہی تھی جس پر اے این ایف نے کارروائی کی اور اس دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی نیدرلینڈ جانے کے لیے بندرگاہ پر پہنچنے والے کنٹینر کے نچلے حصے میں منشیات انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی جانے والی منشیات میں 45 کلو ہیروئن اور 35 کلو افیون شامل ہے جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 98 کروڑ سے زائد بنتی ہے، منشیات اسمگلنگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
