تنازع کشمیر کے حل میں آزاد حکومت کو بھی رول ملنا چاہیے،فاروق حیدر

میرپور(بیورورپورٹ)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیراورمسئلہ کشمیرپر آزادکشمیرکی سیاسی قیادت متحد ومنظم ہوکرمشترکہ جدوجہدکرے ۔ ہمیں سیاست میںایک دوسرے کی مخالفت کرنی چاہیے لیکن مسئلہ کشمیرپرہمارا ایک ہی موقف ہونا چاہیے۔اس حوالے سے آزادحکومت کابھی کوئی رول ہوناچاہیے۔ تحریک آزادی کشمیرکے لیے میں کسی بھی لیڈرکے پیچھے چلنے کے لیے تیارہوں۔ حالیہ دورہ برطانیہ،یورپ اوربرسلزکے دوران ممبران کونسل وپارلیمنٹ سے ملاقاتوں میںمسئلہ کشمیرپراہم پیش رفت ہوئی ہے اور انھیں کشمیریوں کے تسلیم شدہ حق خودارادیت سے آگاہ کیاہے جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لینے کی طرف توجہ دلائی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس حوالے سے ممبران کونسل وپارلیمنٹ اہم پیشرفت کریں گے۔ آزادکشمیر میں گڈگورننس کے لیے غیرجانبدار پبلک سرو س کمیشن ، این ٹی ایس کانفاذ کے ساتھ آزادکشمیرمیں برابری کی بنیاد پرفنڈزکی تقسیم کی ہے۔ پہلے مرحلے پرایجوکیشن کوٹھیک کیا۔ محکمہ مال کاریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کررہے ہیں۔ سرکاری بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کریں گے۔ پٹواریوں کے لیے بھی این ٹی ایس لاگوکریں گے۔ انتظامی اصلاحات لائی ہے۔ آئینی ترامیم کے لیے سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے اتفاق کررکھاتھالیکن بدقسمتی سے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد وہ وزیراعظم نہیں رہے جس کے باعث یہ معاملہ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہے۔وزیراعظم پاکستان شاہدخاقان عباسی کوآزادکشمیرکے دورہ کی دعوت دی ہے ، ان کے دورہ مظفرآباد کے دوران دیگرمعاملات سمیت آئینی ترامیم کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔آزادکشمیرکے ذرائع آمدن اور واٹریوزر چارجز 15 پیسے سے ایک روپیہ10 پیسے بڑھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے دورہ نیوسٹی کے دوران سابق صدرپریس کلب حافظ محمدمقصود کی سربراہی میں میڈیانمائندگان کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیرکے حوالے سے جہاں آزادکشمیرکی سیاسی قیادت پربھاری ذمہ داری ہے وہاں پرنٹ والیکٹرانک میڈیا بالخصوص آزادکشمیرکے شعبہ صحافت سے وابستہ افراد قلمی جدوجہد کریںاوربھارتی مظالم کودنیاکے سامنے بے نقاب کریں۔ انھوں نے کہاکہ میرپورکے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کوفروغ دیاہے،تحریک آزادی کشمیر،مسئلہ کشمیراور عوامی مسائل کواجاگرکرنے میں ہمیشہ مثبت رول اداکیاہے۔آئندہ دورہ میرپورکے دوران میرپور کے مقامی اخبارات کے مالکان اور میڈیانمائندگان سے ملاقات کروں گا۔ انھوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ آزادکشمیرسے کرپشن کامکمل خاتمہ ہو،اس مقصد کے لیے انتظامی اصلاحات لارہے ہیں، گڈگورننس کانفاذتب ہی ہوسکتاہے جب معاشرے کاہرفرد کرپشن کے خلاف جہاد میں حکومت کاساتھ دے۔ انھوں نے کہاکہ نظم وضبط کسی کوخراب نہیں کرنے دونگا،میرابیٹابھی کوئی ناجائز فائدہ نہیں اٹھاسکتا اس معاملہ میں میں کسی کاکوئی لحاظ نہیں کرونگا، قانون کی گرفت میں جوبھی آیا اسے سزااورجزاکے عمل سے گزرناہوگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیرمیں ہائیڈرل اور سیاحت کے فروغ کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ منگلاڈیم کوسیاحت کامرکز بنائیں گے۔ میرپورمیں پی سی ہوٹل کے تعمیرکے بعد یہاں بین الاقوامی سرمایہ کاری کوفرو غ ملے گا۔ انھوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ کے تحت چین سے آنے والی سڑک میرپورسے ہوکرآگے جائے گی جس سے یہاں معاشی واقتصادی ترقی کی راہیں ہموارہونگی۔ سی پیک منصوبہ کے تحت صنعتی زون بھی میرپور میں قائم ہورہاہے۔ یہ ہماری معیشت میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

 

میرپور(بیورورپورٹ)وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فارو ق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر پاکستان کے تعاون سے میر پور اور آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں کے اہم مسائل حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے اور میر پور میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری اور دیگر حل طلب مسائل کے سلسلے میں ان کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقاتوں کے دوران بھی بات چیت ہوئی ہے اور اس سلسلے میں جلدپیش رفت کی امید ہے۔ وہ گزشتہ روز یہاں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنما سابق وزیر حکومت غازی ارشد کی دعوت پران سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پر ان کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے علاوہ غازی محمد ارشد اور دیگر مسلم لیگی رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی خطاب کیا ۔ استقبالیہ تقریب میں وزیر حکومت چوہدری محمد سعید ، ڈاکٹر محمد نجیب خان ، ممبر اسمبلی چوہدری رخسار احمد، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری نذیر انقلابی ، ڈی جی چوہدری اعجاز رضا ، مسلم لیگ ن کے سٹی صدر طاہر مرزا ، سینئر ایڈووکیٹ فراز ظفر اور دیگر مسلم لیگی مقامی رہنمائوں وکارکنان ، یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف کے نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی کل سردار سکندر حیات سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے بھی کہا ہے کہ غازی الہی بخش مرحوم کی خدمات کے پیش نظر ان کے بیٹے غازی محمد ارشد اور ان کے دوسرے لوگوں کا خاص خیال رکھا جائے ۔ اس سے قبل مسلم لیگی رہنما غاز ی محمد ارشد نے اپنی تقریر میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے والد گرامی راجہ محمد حیدر خان مرحوم کی جرات مندانہ شخصیت کا بھی خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان ایک دبنگ وزیراعظم ہیں او رہمیں توقع ہے کہ وہ میرپور سمیت سارے آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے جرات مندی سے اقدامات کریں گے اور ہماری طرف سے میر پور کے جن مسائل کی طرف ہمیں ان کی بار بار توجہ مبذول کروائی ہے ان کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے ۔

دریں اثنا وزیراعظمفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ شہداء جموں اور مہاجرین جموںوکشمیرنے  وطن عزیز کے لیے لازوال جانی قربانیاں دی ہیں۔ 06 نومبر1947 جموں کاواقعہ تاریخ میں خوانچگان داستان ہے۔ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے آرپار کی تمام سیاسی جماعتوں کومتفقہ لائحہ عمل اختیار کرکے ایک پلیٹ فارم سے مشترکہ جدوجہد کرناہوگی۔ تحریک آزادی کشمیراور ریاستی تشخص کواجاگر کرناہوگا۔ آزادخطہ سے رشوت ، سفارش اورکرپشن کے خاتمے کے لیے عوام حکومت کاساتھ دیںانصاف کے حصول کے لیے جنگ لڑناہوگی۔ پاکستان میں حکومت اور اداروں کے درمیان کوئی ٹسل نہیں ہے۔ 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ سیٹیں لے گی۔ کارکنان اطمینان رکھیں دسمبرکے بعد ان کی ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔متاثرین منگلاڈیم اورمہاجرین جموںوکشمیرنے تیسری مرتبہ اپنے گھربار چھوڑے۔ متاثرین اورمہارجرین کے مسائل ترجیح بنیادوں پرحل کریں گے۔ نیوسٹی سمیت میرپورمیں سوئی گیس کی فراہمی ، اضافی کنبہ جات سمیت نیوسٹی کے بقیہ ترقیاتی کام جلد مکمل ہونگے۔   ان خیالات کااظہار انھوں نے مسلم لیگ ن کے راہنماراجہ محمدتسلیم انجم کی طرف سے نیوسٹی میں شہداء جموں کے حوالے سے منعقدہ عشائیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمدسعید نے کی جبکہ تقریب سے ممبراسمبلی چوہدری رخسار احمد، راجہ تسلیم انجم، صدرانجم تاجراں چوہدری محمدنعیم، شجاع حیدرلودھی ایڈووکیٹ، راجہ محمداسلم، بشیرضیائی، نبیل اشرف، ثاقب محمود، محمدیاسرنے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پرسابق امیدواراسمبلی مرزا ظفرحسین ایڈووکیٹ، چوہدری جاوید قادر، صدرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز غلام مرتضیٰ ، راجہ رفیق خان، فاروق، عشرت سجاد، چوہدری حمید، جبارمنہاس ایڈووکیٹ، راجہ نصراقبال، ملک سہیل اعوان، نصیراخترموجو کے علاوہ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد موجو دتھی۔ قبل ازیں وزیراعظم جب نیوسٹی پہنچے تو کارکنان نے ان کاوالہانہ استقبال کیا۔ وزیراعظم پرپھولوں کی پتیاں نچھاورکیں گئیں اور انھیں ہارپہنائے گئے۔ اس موقع پرکارکنان نے زبردست نعرہ بازی کی۔

میرپور (بیورورپورٹ)وزیر اعظم ازادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے یہاں پی ۔ڈبلیو ۔ڈی ریسٹ ہائوس میں گزشتہ روز بیس سے زائد عوامی وفود ،مسلم لیگی راہنمائوں ،عہدیداروں اور کارکنوں ، یوتھ اور ایم ایس ایف کے ارکان سے الگ الگ 5گھنٹہ ملاقاتیں کر کے ان کی طرف سے پیش کردہ مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے حکومت اور انتظامیہ کے متعلقہ حکام کو زبان اور تحریری طور پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس موقع پر عوامی نمائندوں اور مسلم لیگی کارکنوں اور یوتھ کے نوجوانو ں کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت  ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرے گی اور ائندہ ماہ  دسمبر اور جنوری میں زیادہ فنڈز ، جماعتی کارکنوں کو میرٹ پر صوابدیدی ایڈجسٹمنٹ اور مارچ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ضلع میرپور بھمبر اور دیگر علاقوں سے آنے والے عوامی وفود کے مسائل کے حل لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ مسلم لیگ کارکنوں کی تمام جائز اور قابل عمل شکایات کے ازالے اور تجاویز  پر عمل درامد کیا جائے اور کارکنوں کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ خواتین کو درپیش مسائل کو ہمداردانہ طور پرکم سے کم وقت میں حل کرنے کی طرف بھی توجہ دی جائے۔ اس موقع پر وزراء چوہدری محمد سعید ، سید شوکت علی شاہ ، ممبران اسمبلی چوہدری رخسار ، کرنل وقار ،سابق امیدوار اسمبلی چوہدری نذیر انقلابی ، ڈویژنل وضلعی افیسران سمیت مسلم لیگ ن کے ضلعی و سٹی عہدیداران ، یوتھ اور ایم ایس ایف کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔