ختم نبوت بل کا پیش ہونا اسمبلی کیلئے باعث سعادت ہے:مشتاق منہاس

مظفرآباد(وقائع نگار)آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی میں ختم نبوت بل کا پیش ہونا پوری اسمبلی ،کشمیری عوام کے لئے باعث سعادت ہے جس پر قائد پاکستان محمد نواز شریف اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔اللہ تبارک تعالی نے یہ سعادت بھی مسلم لیگ ن کے حصہ میں لکھی تھی، ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کے لئے ہماری جان،مال ،اولاد سب حاضر ہے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار قانون ساز اسمبلی میں بل پیش ہونے پر کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ موجودہ قانون ساز اسمبلی کا یہ اعزاز تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ ن کو ہی یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ اس نے یہ بل ایوان میں پیش کر دیا ہے اور اسے جلد ہی اسمبلی منظور کر لے گی۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر دلوں کے وزیراعظم محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جن کے ویڑ ن کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں ایک پرامن،ترقی یافتہ اور اسلامی اقدار کے حامل معاشرے کی تشکیل کے لئے آگے بڑھ رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے اس،موقع پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان ،وزراء ،ارکان اسمبلی اور پوری کشمیری قوم کو بھی مبارک باد دی۔
