کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر سپوتوں کو بھارتی فوج بلااشتعال فائرنگ کے ذریعے ڈرا نہیں سکتی،فاروق حیدر

مظفرآباد( پی آئی ڈی)آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے سکول کے بچوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے ۔بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے سکول وین کا ڈرائیور شہید ہو گیا۔وزیر اعظم نے شہید ڈرائیور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر سپوتوں کو بھارتی فوج بلااشتعال فائرنگ کے ذریعے ڈرا نہیں سکتی۔ انہوںنے کہا کہ سکول کے بچوں کی گاڑی کو نشانہ بنا کر بھارتی فوج نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر بسنے والے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کا نوٹس لے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوج خاص طور پر سکولوں اور صحت کے مراکز کو نشانہ بنا رہی ہے جس سے بچوںکی تعلیم متاثر ہورہی ہے اور کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوںکو علاج معالجے کی سہولتوں میں دشواری کا سامناکرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوںنے پاک فوج کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ پوری کشمیری قوم دفاع وطن کیلئے پاک فوج کی پشت پر ہے ۔