شعبہ تعلیم میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز کر دیا ہے، سیکرٹری تعلیم

باغ (محمود راتھر سے) سیکرٹری تعلیم کالجز آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر محمد زاہد خان عباسی نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔آزادکشمیر کے کالجز میں لیکچررز اور پروفیسرز کی کمی دور کی جا رہی ہے اور نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق کالج پرنسپلز کی ٹریننگ جاری ہے آئندہ مرحلوںمیں مزید کالج آفیسران اور اساتذہ کی تربیت کی جائے گی تاکہ تدریسی و انتظامی امور میں ریاست کے تعلیمی نظام کو ترقی یافتہ دنیا کے مقابل لایا جا سکے۔ کالج اساتذہ کی ترقیابی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے اور بہت جلد تمام کالج اساتذہ کے مسائل یکسو کرلیے جائیں گے۔ میں آزادکشمیر کے تمام گورنمنٹ کالجز کو گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج باغ کی طرح مثالی ادارہ بنانے کا عزم رکھتا ہوں اور پوری ریاست کے طلبہ و طالبات میں علم کی سچی لگن دیکھنا چاہتا ہوں یہ اساتذہ کا کام ہے کہ طلبہ و طالبات میں علم کے حصول کی لگن پیدا کریں۔ والدین کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی روزانہ کی تعلیمی پروگریس کا جائزہ لیں اور ان کی مصروفیات پر نظر رکھیں ۔موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے ۔ہم کالجز میں اس شعبہ کی طرف خصوصی توجہ دے رہے ہیں ہمارے طلبہ وطالبات ٹیلنٹ میں دنیا کے کسی بھی خطے کے طلبہ کا مقابلہ کر سکتے ہیں انھیں بہترین راہنمائی کے لیے کالج اساتذہ بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔اس وقت دنیا تبدیلیوں کی زد میں ہے عالمی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ طلبہ و طالبات کو بدلتے حالات سے آگاہ کریں اور خصوصیت کے ساتھ مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے متعلق طلبہ کی ذہن سازی کریں۔ نئی نسل کی اخلاقی تربیت کو یقینی بنائیں کیونکہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان نے ہماریے قومی تشخص کو پامال کرنا شروع کر رکھا ہے ۔ کالج اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس بحران سے قوم کو نکالے اور نئی نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرے تاکہ ہماری خودی ، غیرت اور اقدار برقرار رہیں۔ اساتذہ ایسے افراد تیار کریں جو کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑت ہوں اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لاسکیں۔گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج باغ نے مختصر وقت میں آزادکشمیر بھر میں اپنا نام روشن کرنے کے ساتھ ملک کو ڈاکٹرز،انجنینئرز ، آرمی کمیشنڈ آفیسرز اور دیگر شعبہ جات میںبہترین افراد کی بڑی تعداد فراہم کی ہے میں اس ادارے کے پرنسپل،سٹاف اور باغ عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار محمد زاہد خان عباسی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج باغ کی پانچویں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے اپنے خطاب میں طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں حصول تعلیم پر مرکوز رکھیںاور کتاب کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط بنائیں۔ گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج باغ میںاس موقع پر مباحثہ بعنوان'' انقلاب لیڈرلاتا ہے قوم نہیں'' بھی منعقد ہو اجس میں کالج کے طلبہ وطالبات نے بھرپور حصہ لیا اور موضوع کے حق اور مخالفت میں پُرجوش دلائل سے حاضرین پر سکتہ طاری کیے رکھا۔ مہمان خصوصی نے اپنی تقریر میں مباحثے کے مقررین کو سراہا اور سب کو ایک ایک کتاب بطور تحفہ دی۔ مباحثے میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں جمشید اکرم، سمیع الحسن، الشباہ اشفاق، ردا فاطمہ، محمد آصف، ھدیٰ یوسف، شعیب ہمدانی،ھماخلیل،اقصیٰ گیلانی، شعیب مقبول،عمراکبراور صہیب رومی شامل تھے۔ ججز کے فرائض پروفیسر سردار محمد آصف خان ریٹائرڈ پرنسپل، پروفیسر محمد ریاض گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج باغ اور معروف شاعر سیّد شہباز گردیزی نے سرانجام دئیے۔صدر تقریب ڈویژنل ڈائریکٹر کالجزپروفیسر قاضی محمدنے اپنے خطاب میں طلبہ و طالبات کی بہترین خطابت پر خطہ پونچھ کو خراج تحسین پیش کیا اور تحریک آزادی کشمیر میں پونچھ کے جانبازوں کی قربانیوں اور جوش خطابت سے آزادکشمیر کی آزادی کا خصوصی حوالہ دیا۔انھوںنے گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج باغ کے پرنسپل اور سٹاف کو بہترین نتائج پر مبارکباد پیش کی اور کہا ہے اسی جذبے سے خطے کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔انھوں نے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ دنیا کی بدلتی صورتحال سے باخبر رہنے پر زور دیا اور عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کی ضرورت اور اہمیت سے آگاہ کیا۔پروفیسر سردار محمد فاروق خان صدر ایکٹا آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے حالیہ اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت مختصر مدت میں کالج اساتذہ کے مسائل حل کر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے انقلابی اقدامت اٹھائے ہیں۔ ہم ان کے شانہ بشانہ آزادکشمیر کی تعلیمی ترقی میںحائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں شامل ہیں  اور انشااللہ بہت جلد آزادکشمیر کے تمام کالجز کے مسائل کو حل کر لیں گے۔ پروفیسر راجہ محمد عتیق ریٹائرڈ پرنسپل نے اپنے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ اسلامی تعلیمات کو اپنائیں اور آفاقی تعلیمات سے روحانی ترقی کریں۔ گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج باغ کے پرنسپل سردار محمد منصف خان نے کا لج کی پراگریس رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال کے مختصر عرصہ میں ادارہ نے گیارہ ڈاکٹر، بارہ انجینیئر تین آرمی کمیشنڈ آفیسر اور درجنوں دیگر شعبہ جات کے ماہرین تیار کئے ہیں گذشتہ پانچ سال میں کالج آزادکشمیر بھر میں نمایاں اور متعدد بار ٹاپ پر رہا ہے۔ادارہ کے طلبہ وطالبات ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ہر سال پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔ انھوں نے مہمان خصوصی کو کالج کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادرہ سردار قمرالزمان خان صاحب نے دے کر باغ کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار دا کیا سردار میر اکبر خان صاحب وزیر جنگلات نے موجودہ دور میں اس ادرہ میں چھ اسامیاں دے کر اپنا حق ادا کیا۔ تاہم ابھی بھی تدریسی سٹاف کی کمی ہے۔پروفیسر کوثرحسین کوثر  صدر پرنسپلز ایسوسی ایشن آزادکشمیر نے اپنے خطاب میں اداروں میں معیاری تعلیم کے حصول میں درپیش رکاوٹوںکا تذکرہ کیا اور کرئیر کونسلنگ کے لیے کالجز میں ڈیسک قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہمیں طلبہ کو مستقبل کے لیے کونسلنگ کرنی چاہیے تاکہ آنے والے وقت میں ہمارے پاس دنیا کا مقابلہ کرنے والے ہنرمند موجود ہوں۔تقریب سے پروفیسرسردار محمد طارق خان پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن ، سردار شاد حسین خان، پروفیسر احسان اللہ، پروفیسر نصیر کیانی، پروفیسر منصور مختار، پروفیسر سیّد وجاہت گردیزی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مہمان خصوصی محمدزاہد خان عباسی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے آل آزادکشمیر انٹرکالجیٹ مباحثے میں اول آنے والے محمدصہیب رومی کو 75000 روپے نقد کیش انعام دیا جبکہ محمد صہیب رومی نے بیسٹ ڈیبیٹر آف آزادکشمیر کی شیلڈ اور سند اعزاز بھی حاصل کی۔دوسری پوزیشن محمد آصف سال دوم ،تیسری پوزیشن اقصیٰ گیلانی سال دوم اور انگریزی تقاریر میں بیسٹ ڈیبیٹر ردا فاطمہ سال اول کو دی گئی۔ تمام جیتے والے طلبہ و طالبات کو مہمان خصوصی نے شیلڈز اور اسناد عطاکیں۔گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج باغ سے اس سال میڈیکل میں جانے والی باغ کی واحد فریش طالبہ بختاور بٹ کو شیلڈ ڈویژنل ڈائریکٹر پروفیسر قاضی محمد ابراہیم نے پیش کی جبکہ انجینرنگ اور دیگر شعبہ جات میں جانے والے طلبہ و طالبات کو اعزازات اسناد دی گئیں۔گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج کی تقریب سے فراغت کے بعد سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے گورنمنٹ بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج باغ کا دورہ کیا اور ایک پودا لگا کر شجرکاری مہیم کا افتتاح کیا۔