عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے: محمد رضا

اٹک (نمائندہ اٹک نیوز) ترجمان موٹروے پولیس محمد رضا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے افسران و ملازمان نے سکول کے بچوں کے ساتھ مل کر ریلی کا انعقاد کیا ریلی کا آغاز قومی ترانہ اور پھر کشمیر کے ترانے سے ہوا اس موقع پر شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر کشمیر سے اظہار یکجہتی ، بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنے کے متعلق نعرے درج تھے ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے اس موقع پر این فائیو نارتھ کے تمام ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر ہر قسم کی ٹریفک کو علامتی طور پر روک دیا گیا کشمیری عوام سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کیلئے جی ٹی روڈ پشاور سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لیکر لاہور تک کے تمام ٹول پلازہ ، مری ایکسپریس وے پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔
