حکومت عملی اقدامات کے بجائے صرف بیانات کی حد تک محدود ،شیخ سلمان سرور

اٹک ( تحصیل رپورٹر ڈیلی اٹک نیوز) سابق امیدوار پنجاب اسمبلی پی پی 1 اٹک شیخ سلمان سرور نے کہا کہ اس وقت ملک بہت سارے مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔
ایک طرف کرونا کی وبا ہے تو دوسری طرف ڈوبتی معیشت ایسے حالات میں غریب عوام کے لئے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا بھی مشکل ہو گیا ہے پاکستان کا حصول ہمارے آباؤ اجداد کی لاتعداد قربانیوں کا ثمر ہے تاہم بد قسمتی سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی وفات کے بعد ملک میں قیادت کا فقدان پیدا ہو گیا جس سے ملکی ترقی و خوشحالی کا پہیہ جام ہو گیا تھا ۔
ایسے میں اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو محمد نواز شریف جیسا عظیم لیڈر دیا جن کی شب و روز کی محنت کی بدولت ملک میں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا محسوس ہوا اور ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہو گیا تھا اسی دوران کچھ ناعاقبت اندیش لوگوں نے تبدیلی کا نعرہ بلند کیا اور لوگوں کو سبز باغ دکھائے جس پر لوگوں نے اعتماد کر لیا اور آج وہ اس تبدیلی کے ہاتھوں خون کے آنسو رو رہے ہیں غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے آئے روز خودکشیوں کی افسوسناک خبریں دل دہلا رہی ہیں لاکھوں لوگ غربت کی لکیر سے بھی نیچے جا چکے ہیں پھر کرونا کی وبا نے مزید آزمائش میں ڈال دیا ہے ۔
جس نے ملک کی تنزلی کو مزید بڑھا دیا ہے جہاں پر ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کر رہا ہے میرے والد سینئر نائب صدر مسلم لیگ ( ن ) پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بھی اٹک کی عوام کی مالی امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تاہم نا اہل حکمرانوں نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا اور عملی اقدامات کے بجائے صرف بیانات کی حد تک محدود ہیں حالانکہ یہی موقع ہے اپنی غلطیاں سدھاریں اور ملک و قوم کی خدمت کریں ان کی مشکلات میں کمی کے لئے فوری اور عملی اقدامات شروع کریں ۔
