ماہانہ 50ہزار مریضوں کا مفت علاج کر رہے ہیں:نجیب نقی

مظفراباد( وقائع نگار)ازاد کشمیر کے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے کہا ہے کہ اس وقت ازاد کشمیر کے ہسپتالوں میں فری ایمرجنسی سروسز کے تحت 50ہزار مریضوں کو ماہانہ مفت تشخیص اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں ۔ وزیر اعظم ازاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت پر ریاست کی عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایمز ڈاکٹر سید عابد حسین شاہ نے محنت ، لگن ، دیانتداری سے اپنی سروس گزاری اور اپنی ساری سروس عوام کی خدمت کو ترجیح دی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر صحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایمز ڈاکٹر سید عابد حسین شاہ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں دی گئی ایک پروقار الوداعی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے ڈاکٹر محمد سلیم عباسی ، ڈاکٹر محسن شکیل ، ڈاکٹر ضیاد افضل کیانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ ڈاکٹرمحمد نجیب نقی نے کہا کہ ڈاکٹر سید عابد حسین شاہ ایک اصول پسند اور غریب دوست شخصیت تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ازاد کشمیر ریاست کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل برئوے کار لا رہی ہے ۔ وزیر صحت عامہ نے کہا کہ حکومت ازاد کشمیر کے تمام ہسپتالوں کو جدید سامان اور سہولیات فراہم کر رہی ہے ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سہولیات اور ادویات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔