قیام ٹرسٹ کے زیر اہتمام تین روزہ فری آئی سرجیکل کیمپ اختتام پذیر

قیام ٹرسٹ کے زیر اہتمام تین روزہ فری آئی سرجیکل کیمپ میں مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے

 سال 2019 کے فری آئی سرجیکل کیمپ میں الحمد اللہ 3210 مریضوں کو چیک اپ،104مریضوں کا آپریشن کیا گیا۔جبکہ 1946 مریضوں کو مفت عینکیں مہیا کی گئیں،چوہدری عادل علی خان

حسن ابدال(رپورٹ،محمد گلفراز+ مانیٹرنگ ڈیسک اٹک نیوز) قیام ٹرسٹ کے زیر اہتمام تین روزہ فری آئی سرجیکل کیمپ اختتام پذیر،کثیر تعداد میں آنکھوں کے مریض مستفید،شہریوں کا قیام ٹرسٹ کو زبردست خراج تحسین۔تفصیلات کے مطابق قیام ٹرسٹ کے زیر اہتمام 15نومبر بروز جمعہ کو شروع ہونے والا حسن ابدال اور ضلع اٹک کا سب سے بڑا اور واحد فری آئی سرجیکل کیمپ تین روز کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔جس میں حسن ابدال اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے آنکھوں کے مریضوں نے بغیر کسی سفارش کے فری علاج کروایا۔قیام ٹرسٹ کے سی ای او چوہدری عادل علی خان نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ آئی ہسپتال الشفاء ٹرسٹ راولپنڈی کےخصوصی تعاون سے لگایا جانے والا فری آئی سرجیکل کیمپ ضلع اٹک کا سب سے بڑا آئی کیمپ ہے جس میں ہر سال سینکڑوں مریض مستفید ہوتے ہیں۔

 

چوہدری عادل علی خان کا کہنا تھا کہ اس کیمپ میں آئی ہسپتال الشفاء ٹرسٹ کے ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی زیر نگرانی اور تعاون سے سینکڑوں کی تعداد میں آنکھوں کے مریضوں کا جن کو موتیے کی شکایت ہوتی ہے ان کا  جدید لیزر ٹیکنالوجی کی مدد سے آپریشن کیا جاتا ہے۔اور جن مریضوں کو عینک کی ضرورت ہوتی ہےانہیں فری عینکیں مہیا کی جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سال 2019 کے فری آئی سرجیکل کیمپ میں الحمد اللہ 3210 مریضوں کو چیک اپ،104مریضوں کا آپریشن کیا گیا۔جبکہ 1946 مریضوں کو مفت عینکیں مہیا کی گئیں۔اس موقع پر کیمپ میں معائنے کے لیے آئے ہوئے مریضوں نے قیام ٹرسٹ کے سی ای او چوہدری عادل علی خان و دیگرعہدیداران کی اس کاوش کو خوب سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔