ضلعی امن کمیٹی اٹک کا صوبائی وزیر کرنل (ر) محمد انور کی زیر صدارت اجلاس 

ضلعی امن کمیٹی اٹک کا صوبائی وزیر کرنل (ر) محمد انور کی زیر صدارت اجلاس 

اٹک(تحصیل رپورٹر ڈیلی اٹک نیوز) ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف، ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر اور ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک محمد انور نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ با برکت اور رحمتوں کا مہینہ ہے،اور ان رحمتوں کی وجہ سے امت مسلمہ میں اتحاد و یگانگت کو فروغ ملتا ہے۔اس بابرکت مہینے میں تمام مکتبہ فکر کے علماء نے کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش مشکلات میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مثالی تعاون کا مظاہرہ کیا جسکی بنا پر ضلع اٹک کے مجموعی حالات کنٹرول میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت تمام حالات کا بغور جائزہ لے رہی ہے،اور مذہبی معاملات سے متعلق ایسا راستہ اختیار کیا جائے گا جس پہ تمام مکتبہ فکر کا اتفاق رائے ہو۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ دین اسلام ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے اور ایسا ضابطہ حیات متعین کرتا ہے جو اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے احکامات کے مطابق ہوتا ہے۔اجلاس میں ضلع اٹک کی مجموعی مذہبی صورتحال پر تفصیلی بحث عمل میں لائی گئی۔ممبران امن کمیٹی نے اپنی تجاویز پیش کیں، جن پر قانون کے مطابق عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی گئی۔بعد ازاں صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور کو ضلع اٹک میں گندم خریداری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

 

بریفنگ دیتے ہوئے اے ڈی سی آر چوہدری عبدالماجد نے بتایا کہ ضلع میں گندم خریداری کا زیادہ تر ہدف حاصل کرلیا گیا ہے اور خریداری کے دوران شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال ضلع اٹک کے لیے 2507میٹرک ٹن ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 68.3فیصد حاصل کرلیا گیا ہے اور بقیہ ہدف بھی اگلے ماہ کے شروع تک حاصل کرلیا جائے گا۔

قبل ازیں ملک محمد انور نے پنڈگھیب اور میاں والا میں احساس کفالت پروگرام کے حوالے سے سنٹرز کا دورہ کیا،اور وہاں پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا،اور مستحقین سے پروگرام کے بابت سوالات بھی کیے۔جس پر مستحقین نے وزیراعظم

عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔