دھیر کوٹ: چوری کی وارداتیں، تاجر سراپا احتجاج،48گھنٹوں کا الٹی میٹم

دھیرکوٹ (نمائندہ خصوصی) تاجرایسوسی ایشن دھیرکوٹ ایک پیج پر ،متفقہ شٹرڈائون کااعلان ،48گھنٹوں کا الٹی میٹم ، چوروں کی عدم گرفتار پر تاجربرادری بھپر گئی، بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں، چوروں کی عدم گرفتاری ، نقصانات کے ازالے اورانتظامیہ کی ٹرخائو پالیسی پر تاجروں نے لنگوٹ کس لئے ، 3فروری کو غیرمعینہ مدت کیلئے شٹرڈائون کااعلان کرکے خطرے کی گھنٹی بجادی،تاجرایسوسی ایشن کے صدر راجہ مختیار خان، سربراہ تاجراتحادراجہ رفاقت حسین، موبائل یونین کے صدر سردار عتیق الرحمٰن عباسی، سیکرٹری جنرل اسدعبداللہ سمیت دیگرنے کہاکہ دھیرکوٹ میں آئے روز چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہورہاہے، تاجر عدم تحفظ کا شکارہیں، سرمائے دائو پرلگاہواہے اور انتظامیہ کی طرف سے چوروں کی عدم گرفتاری مجرمانہ غفلت ہے، جس پرہم کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انتظامیہ کی چپ سادھ نے تاجروں کے صبر کاپیمانہ لبریز کردیاہے ،شٹرڈائون کیلئے ہوم ورک شروع کردیاگیاہے اور کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں،تاجروں میں شدید غم وغصہ اور تشویش پائی جارہی ہے ۔