لطیف اکبر اپنے ناقابل معافی جرائم کو چھپانے کی کوشش نہ کریں:افتخار گیلانی

مظفرآباد(وقائع نگار) وزیر تعلیم بیرسٹرسید افتخار علی گیلانی، ممبران اسمبلی چوہدری رخسار، چوہدری شہزاد محمود، میاں یاسر رشید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ایڈھاک صدر اپنی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے مکمل طور پر نظر انداز کیے جانے کا غصہ ن لیگ کی حکومت پر نہ اتاریں۔ جس جماعت کے ممبران اسمبلی پارٹی صدر کو ملاقات کیلئے وقت نہ دیتے ہوں اس پر کیا بات کی جا سکتی ہے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت پر انہیں تنقید زیب نہیں دیتی کہ اپنے دور کے سیاہ کرتوتوں سے چشم پوشی کرتے ہوئے بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو و ہ بات ابھی تک نہیں بھولی جب منتخب نمائندوں کے اختیارات زرداری ہائوس کے ملازم استعمال کرتے تھے اور سیکرٹری سے لیکر چپراسی کا تبادلہ کروانے کے نذرانے کے عوض ہوتا تھا۔ پیپلز پارٹی کا گزشتہ 5سالہ دور حکمرانی گورننس کے لحاظ سے بدترین اور عبرتناک تھا۔لطیف اکبر اپنے اور اپنی جماعت کے ناقابل معافی جرائم کو چھپانے کی کوشش نہ کریں ،آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی لبریشن لیگ کی جانشین بننے جا رہی ہے جس کا کریڈٹ لطیف اکبر اور ٹیم کو جاتا ہے ۔
