تتہ پانی،بھارت کی باراتیوں پر بلا اشتعال فائرنگ،خاتون سمیت 2افراد زخمی

تتہ پانی(عتیق احمد ملک سے) لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بربریت انتہا ء کو پہنچ گئی ، تتہ پانی درہ شیرخان سیکٹر میں بھارتی افواج کی باراتیوں پر فائرنگ ، ایک خاتون زخمی جبکہ دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے ،جبکہ بٹل مدراپور سیکٹر میں بھی ٹارگٹ فائرنگ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا ، علاقہ میں خوف وہراس ،سیاسی وسماجی رہنمائوں اور مکینوں کی بھارتی افواج کی بربریت کی پرزور مذمت، تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز دوپہر کے وقت لائن آف کنٹرول پرتتہ پانی درہ شیرخان سیکٹر کے علاقے میںبھارتی افواج کی جانب سے اچانک ایک بارات میں شامل افراد پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجہ میں سردار واصف خان کی اہلیہ صباء خاتون زخمی ہوگئی جسے فوری تتہ پانی ہسپتال لایا گیا اور بعدازاں اُسے کوٹلی ریفر کردیا گیا ہے ، بارات میں شامل دیگر افرادمعجزانہ طور پر محفوظ رہے،جبکہ بٹل مدارپور سیکٹر میں بھی بھارتی افواج نے ایک موٹر سائیکل سوار محمد بلال ولد نذیر حسین ساکن سہڑہ جو صبح اپنی دوکان پر کام کرنے جارہاتھا اُسے ٹارگٹ فائرنگ کا نشانہ بنا تے ہوئے شدید زخمی کردیا جسے فوری ہسپتال منتقل کردیا گیاہے ،ان واقعات کے باعث علاقہ میںخوف وہراس پایا جاتاہے، سیاسی وسماجی رہنمائوں اور مکینوں کی بھارتی افواج کی بربریت کی پرزور مذمت کی ہے۔
