باغ، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری، عوام شدید مشکلات میں مبتلا
باغ (نمائندہ کشمیرٹوڈے) باغ میں ٹرانسپورٹروں نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ، طلباء و طالبات سکول کالج ، مریض ہسپتال ، ملازمین دفاتر اور علاقہ پاکستان میں جانے والے اپنی منزل پر نہ پہنچ سکے ، فخر کشمیر کے مالک سردار نیاز خان کی باغ انتظامیہ اور عوام کے خلاف مہم جاری ، بد معاشی اور غنڈ ہ گردی کر کے آئے روز ہڑتال کرنا معمول بنا لیا گیا ، نئے اڈے کے قیام کے بعد نیاز خان نے ہڑتالی سلسلہ جاری کر رکھا ہے جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ، باغ انتظامیہ بھی ٹرانسپورٹروں کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ، عوامی حلقوں نے ٹرانسپورٹروں کی من مانیوں کے خلاف سردار نیاز خان کا فخر کشمیر اڈا بند کر نے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ دو ماہ سے باغ کی عوام کو ٹرانسپورٹروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے فخر کشمیر اڈے کے مالک سردار نیاز خان اور نئے کھلنے والے یونائٹیڈ کشمیر اڈا کے مالک خان ارشاد کے درمیان تنازعات کی زد میں پسنے والی عوام عاجز آ چکی ہے ، گزشتہ روز پورے ضلع باغ میں فخر کشمیر اڈے سے چلنے والی گاڑیاں ہڑتال کے باعث وقت پر نہ روانہ ہو سکی جس کی وجہ سے طلباء و طالبات سکولوں اور کالجز میں نہیں جا سکے امتحانات سر پر ہیں جبکہ باغ میں ٹرانسپورٹروں کے تنازعات ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ، باغ انتظامیہ بھی با اثر ٹرانسپورٹروں کے سامنے بے بس ہو چکی ہے ، باغ سے راولپنڈی، مظفرآباد، راولاکوٹ جانے والی ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی گئی جس کے باعث انتہائی ضروری کاموں کے لیے دوسرے اضلاع میں جانے والے لوگ بھی ٹرانسپورٹروں کے درمیان تنازع میں پس کر رہ گئے ، نیا اڈا باغ سے راولپنڈی کے لیے کھولا گیا جبکہ اس کی پاداش میں لوکل روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی گئی جو سرا سر نا انصافی اور ظلم کے مترادف ہے ، بد معاشی کرنے والے فخر کشمیر اڈا کے مالک سردار نیاز خان نہ تو انتظامیہ کے بس میں ہیں اور نہ ہی عوام کی مشکلات کا انہیں کچھ اندازہ ہے ، باغ کے مختلف سیاسی ، سماجی ، مذہبی ، رہنمائوں سمیت طلباء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ باغ انتظامیہ کی نا اہلی کیوجہ سے مشکلات کا شکار ہیں نیاز خان اور خان ارشاد کے درمیان پورا ضلع مشکلات کی چکی میں پس رہا ہے جس کا انتظامیہ کو نوٹس لینا چاہیے اور نیاز خان کو لگام دیکر عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنی چاہیے اڈے عوام کی سہولت کے لیے ہوتے ہیں نہ کہ عوام کو مشکلات سے دو چار کرنے کے لیے کوٹھیاں ، شجاع آباد ، کہوٹی و دیگر علاقہ جات میں لوکل ٹرانسپورٹ کو بند کر کے عوامی مشکلات میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے ، رہنمائوں میں سردار جاوید شیر کوٹھیاں ، سردار لیاقت خان ، سردار رحیم خان ، سردار حمید خان سمیت دیگر نے بھی میڈیا کو مشکلات سے آگاہ کیا۔
