سب وے ہینڈز': انٹرنیٹ پر موجود ہاتھوں کی دنیا

ہاتھ انسانی جسم کا ایک اہم عضو ہے، اس بات کو تو سب ہی مانتے ہیں اور اکثر خواتین کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے ہاتھوں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی شوقین ہوتی ہیں۔

لیکن یہ آئیڈیا آپ کو کیسا لگے گا اگر کسی سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ایک پورا اکاؤنٹ صرف اور صرف ہاتھوں کے لیے ہی مخصوص کردیا جائے؟

اگر آپ کوئی فیصلہ نہیں کر پارہے تو ہم آپ کی مشکل آسان کرتے ہوئے یہاں 'سب وے ہینڈز' نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بارے میں بتا رہے ہیں، جہاں آپ کو صرف ہاتھ ہی ہاتھ نظر آئیں گے۔

اس اکاؤنٹ پر امریکی شہر نیویارک کے سب وے اسٹیشن میں کھینچی گئی ہاتھوں کی بے شمار تصاویر نظر آئیں گی، جنہیں دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شاید یہ بھی کوئی داستان بیان کر رہے ہیں۔

کوئی ہاتھ اس انداز میں دھرا ہے، جیسے کسی بات پر بے بسی کا اظہار کیا جارہا ہے تو کسی ہاتھ میں موجود گلاب کا پھول اس کے مالک کے دل میں کھلی محبت کی کونپل کی نشاندہی کر رہا ہے۔