تعلیم کے ساتھ تربیت ہی اچھی قوم تیار کر سکتی ہے، نزہت عزیز

جنوبی باغ (پرویزمغل سے) ڈویژنل ڈائریکٹر پونچھ ڈویژن نزہت عزیز نے کہا ہے کہ نصابی اور غیر نصابی سر گرمیوں کے لیے سیکرٹری تعلیم کی واضح ہدایات ہیں جن پر عمل درآمد کروائیں گے ، تمام سرکاری ٹیچر ز اگلے سال سے اپنے بچوں کو سرکاری اداروں میں داخل کروانے کے پابند ہوں گے ، تعلیم کیساتھ تربیت ہی ایک اچھی قوم تیار کر سکتی ہے بچوں کی تربیت کے لیے والدین اساتذہ کیساتھ ملکر اپنے بچوں کو قوم کے ہیروز بنائیں ، محکمہ تعلیم کے اندر اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے این ٹی ایس ، غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن کے ذریعے جو لوگ آگے آئیں گے وہ ہماری قوم کو بہترین انداز میں تیار کریں گے ، ٹھیکہ سسٹم کا خاتمہ کر رہے ہیں اساتذہ ہمارا ساتھ دیں ، تعلیم ایک مثلث کی ماند ہے جس میں طلباء ، والدین اور اساتذہ ملکر اسے مکمل کر سکتے ہیں ، سرکاری اداروں کی رزلٹ تقاریب میں حوصلہ افزاء نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں جو خو ش آئند ہے بہتری کی طرف گامزن ہیں انشاء اللہ جلد سرکاری سیکٹر کو دیگر سیکٹرز کے لیے مثال بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی باغ گہل ٹوپی گرلز ہائی سکول کی سالانہ رزلٹ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کی صدارت صدر معلمہ گرلز ہائی سکول گہل ٹوپی سیدہ شاہین اختر نے کی جبکہ تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں ضلع باغ فرح ناز ، صدر معلم بوائز ہائی سکول گہل ٹوپی سردار فراقت حسین ، سردار الطاف خان ، سردار ممتاز خان ، سید امتیاز شاہ ایڈووکیٹ ، سید ریاض جعفری ، سردار اخلاق خان سنیئر مدرس ، شمیم اختر ، سردار نعیم خان ، سردار رشید خان ، سیدہ سمینہ ، رضوانہ صابر ، آمنہ شبیر ، تہریم ، سدرہ ارباز ، فریال ، بشریٰ امتیاز ، حنا فرید ، سردار فرشید خان ، سردار شاہد ، سردار اخلاق ، منیبہ ساجد ، سردار فرید خان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض ادارے کی معلمات رضوانہ صابر اور آمنہ شبیر نے انجام دیئے ، تقریب میں بچوں نے رنگا رنگ پروگرامات اور ٹیبلوز پیش کیے ، گرلز ہائی سکول گہل ٹوپی کی عمارت نہ ہونے کے باعث تقریب کا انعقاد بوائز ہائی سکول میں کیا گیا بچوں نے عمارت کی عدم تعمیر پر خاکے اور نظمیں پیش کر کے سکول کی تعمیر کیطرف توجہ مبذول کروائی ، رزلٹ تقریب میں گرلز ہائی سکول سلوٹ ، بوائز ہائی سکول گہل ٹوپی ، شجاع آباد ، موہری فرمان شاہ ، کوٹھیاں ، بھرکہ ، ہاڑی گہل ، ہٹالہ پدر ، بڑی باڑی سمیت دیگر علاقہ جات کے صدر معلمین اور معلمات سمیت سٹاف کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر نزہت عزیز نے کہا کہ جدید تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں والدین بچوں کی تعلیم کیساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم پر بھی توجہ دیں ایک پڑھی لکھی ماں پڑھا لکھے خاندان کی ضمانت ہوتی ہے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں فرح ناز نے کہا کہ گرلز ہائی سکول گہل ٹوپی کی صدر معلمہ سیدہ شاہین اختر کی تعیناتی سے گہل ٹوپی سکول کی واضح تبدیلی رونما ہوئی ہے شاہین اختر نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے گہل ٹوپی میں بھی تبدیلی کیطرف قدم بڑھا دیئے ہیں جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتی ہوں ، انہوں نے کہا کہ باغ کے اندر بچیوں کی تعلیم کے لیے والدین کے تعاون کی اشد ضرورت ہے والدین بچیوں کی تعلیم کے لیے اپنا کردار ادا کریں جہاں پر سٹاف کی شکایت ہے ہمیں آگاہ کیا جائے ہم ازالہ کریں گے ، انہوںنے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ بچیوں کی تعلیم پر توجہ دی جائے ، گرلز سکولز میںلیبز کا قیام اور دیگر سہولیات کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے اساتذہ اور والدین نے بھی اگر آپس میں تعاون جاری رکھا تو جلد گرلز کے ادارے مثالی بن جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ انٹر نیٹ کے دور میں بچوں کی نگرانی انتہائی ضروری ہو چکی ہے سکول اوقات کے علاوہ والدین بچوں کو گھروں میں بھی اپنی نگرانی میں رکھیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ گرلز ہائی سکول گہل ٹوپی کی عمارت کی عدم تعمیر لمحہ فکریہ ہے گرلز ہائی سکول کی تعمیر کے لیے حکومت فوری اقدامات کرے جس پر معززین کیطرف سے یہ بھی یقین دہانی کروائی گئی کہ گرلز ہائی سکول گہل ٹوپی کی عمارت کے لیے اپریل مئی میں ٹینڈر ہو جائیں گے جس کے لیے سید ظہیر گردیزی کی خدمات لی جا رہی ہیں ، تقریب میں گرلز ہائی سکول گہل ٹوپی کی سابقہ صدر معلمہ منشاد بیگم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا گیا اور تقریب کے اختتام پر منشاد بیگم کی مغفرت کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی بھی ہوئی اور پوزیشن ہولڈر بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔