وزیراعظم کامنشور ہر فرد کو صحت کی مفت سہولیات ہے: کرنل (ر) انور

پنڈی گھیب (عامر شہزاد سے) صوبائی وزیر ریوینیو کرنل (ر) ملک محمد انور خان نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی وزیر اعظم عمران خان کا منشور ہے مگر بدقسمتی سے ملک کی موجودہ معاشی صورت حال اس کام کی تکمیل میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کا گلہ ہے کہ ہیلتھ کارڈ 2008 ئ کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سروے میں شامل افراد کو ملے ، یہ بات درست نہیں کیونکہ صحت کارڈ ہر اس شخص کا حق ہے جسکو اس کارڈ کی ضرورت ہے کسی سیاسی پارٹی کے ووٹر کی بنیاد پر نہیں بلکہ میرٹ کی بنیاد پر ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔سابقہ حکومت کے وزراء پروٹوکول اور وزارت کے مزے لیتے رہے۔پنڈی گھیب میں 1122 کی عمارت کھڑی کر دی۔عمارت کا افتتاح بھی ہو گیا۔مگر دو سال گزرنے کے باوجود ابھی تک اس کا عملہ تعینات نہیں کر سکے۔ انشاءاللہ 6 ماہ کے اندر ریسکیو 1122 میں ہم عملہ کی تعیناتی یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے یونین کونسل اخلاص میں صحت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد شاہد لطیف اور قاضی اکمل کی زیر قیادت ہوا۔تقریب میں ملک لیاقت علی خان،ملک سعد طارق،اسسٹنٹ کمشنر پنڈیگھیب،تحصیلدار ملک نورزمان سمیت دیگر معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔۔
