’نفرت بھری دنیا میں محبت کا انتخاب کرو‘، فردوس جمال کی تنقید پر ماہرہ کا جواب

اداکارہ ماہرہ خان نے ٹی وی اداکار فردوس جمال کی تنقید پر خاموشی توڑتے ہوئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک نجی چینل پر اداکار فردوس جمال نے ماہرہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'کسی کو برا لگے یا اچھا، ماہرہ خان ہیروئن اسٹف نہیں ہے، وہ درمیانے درجے کی ماڈل ہے، وہ اچھی ایکٹرس نہیں اور اچھی ہیروئن بھی نہیں، سوری ٹو سے، ایک تو اس کی عمر زیادہ ہے، مطلب اس عمر میں ہیروئنیں نہیں ہوتی بلکہ ماں کے کردار کیے جاتے ہیں‘۔ ایسے میں متعدد شوبز شخصیات اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر ماہرہ کو سپورٹ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی لیکن اداکارہ نے اس پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔ تاہم اب ماہرہ خان نے خاموشی توڑتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک مثبت پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی جانب سے تنقید کا جواب دیا اور ان کو زبردست سپورٹ کیا۔
