اب دشمن کے ساتھ وہ ہوگا جو کبھی نہیں ہوا، امریکی صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم نائن الیون کے زخموں کو نہیں بھولے، دشمن نے اب اگر ہمارے ملک کا رخ کیا تو ہم ہرجگہ اس کے پیچھے جائیں گے اور اب دشمن کے خلاف ایسی طاقت استعمال کریں گے جو پہلے کبھی نہیں کی گئی۔ پینٹاگون میں نائن الیون کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں پہلے ہمارے طے شدہ امن مذاکرات ہونے تھے لیکن امریکی اہلکار اور گیارہ معصوم لوگوں کی ہلاکت کی خبر سنتے ہی میں نے وہ مذاکرات منسوخ کر دیے۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے سمجھا تھا کہ اس حملے سے وہ اپنی طاقت ظاہر کریں گے لیکن انہوں نے تو اپنی کمزوری ظاہر کر دی، پچھلے چاردنوں میں پہلے سے زیادہ بھرپور طاقت سے دشمن کو نشانہ بنایا ہے اور یہ عمل جاری رہے گا۔ امریکی صدر نے وضاحت کی کہ 'میں جوہری ہتھیاروں کےاستعمال کی بات نہیں کر رہا لیکن اب دشمن کے ساتھ وہ ہوگا جو کبھی نہیں ہوا۔