ضلع کونسلیں ختم، ویلج اور نیبر ہڈ کونسل کے الیکشن اپریل میں ہوں گے

ضلع کونسلیں ختم، ویلج اور نیبر ہڈ کونسل کے الیکشن اپریل میں ہوں گے

 وزیراعظم کی ہدایت پرپنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے

اسلام آباد( ڈیلی اٹک نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پرپنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ۔ نئے بلدیاتی ایکٹ کے تحت ویلج اور نیبر ہڈ کونسل کے انتخابات غیر جماعتی جبکہ تحصیل کونسل، میونسپل کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ پنجاب کے 36 اضلاع میں ضلع کونسلیں ختم کر دی گئی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ مقامی ضلعی انتظامیہ نے ہر ضلع میں حد بندی پہلے ہی مکمل کر لی ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز فہرستیں بھی آویزاں کر دی ہیں اور پندرہ  فروری تک انتخابی فہرستوں کا عمل بھی مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔ 

 

معلوم ہوا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب حکومت کے تیار کئے جانے والے قواعد و ضوابط کی منظوری پنجاب اسمبلی سے حاصل کی جائے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن کو گرین سگنل دے دیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن ڈیڑھ دو ماہ کے عرصے میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر لے گا اور پہلے مرحلے میں اپریل کے پہلے ہفتے میں ویلج اور نیبر ہڈ کونسل کے الیکشن کرائے جا سکیں گے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں جون کے پہلے ہفتے تک میونسپل کمیٹی، تحصیل کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے انتخابات بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔