شاپنگ بیگ پر پابندی،عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا آغاز

شاپنگ بیگ پر پابندی،عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا آغاز

اٹک(صدیق فخر سے / ڈیلی اٹک نیوز)تحصیل اٹک میں شاپنگ بیگ پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیلئےٹیمیں تشکیل، بھاری جرمانوں کے ساتھ مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑے گا،ذرائع

تفصیلات کے مطابق ضلع اٹک میں 15 فروری سے پہلے مرحلے میں تحصیل اٹک میں شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی کا اطلاق ہو گیا ہے جس پر تمام بڑے شاپنگ سٹورز سے شاپنگ بیگ ہٹا لیے گئے ہیں جبکہ 23مارچ تک ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں شاپنگ بیگ پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تحصیل اٹک میں پابندی پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو تحصیل اٹک میں چھاپے ماریں گی اور جو اس پر عملدرآمد نہیں کر رہے ہیں انہیں بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر اٹک جنت حسین نیکوکارہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ راولپنڈی ڈویژن کی23تحصیلوں میں سب سے پہلے تحصیل اٹک میں شاپنگ بیگ پر پابندی کا اطلاق کر دیا گیا۔

 

 اسسٹنٹ کمشنر اٹک جنت حسین نیکوکارہ کا کہنا تھا کہ شاپنگ بیگ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہے تھے جس پر حکومت کی ہدایت اور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تحصیل اٹک سے شاپنگ بیگ کا مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے۔شاپنگ بیگ نہ صرف گندگی کا باعث بن رہے تھے۔ بلکہ نکاسیء آب کے سلسلے میں سب سے بڑا مسئلہ تھے۔تمام دکانداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آج کے بعد ان مسائل سے بچنے کے لیے شاپنگ بیگ کے بجائے کپڑے کے بیگ استعمال کریں تا کہ آلودگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔قبل ازیںشاپنگ بیگ پر پابندی کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر اٹک جنت حسین نیکو کارہ نے اٹک کے تمام بڑے شاپنگ مالززمان سنز،۔نسیم مارٹ، مرینہ مال، ریاض کریانہ سٹور، سپر چوائس کے دورے کیے اورسٹور مالکان کو کہا کہ آج  کے بعد سے کسی کو شاپنگ بیگ کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائیگی۔شاپنگ بیگز کے بجائے کپڑے کے بیگز استعمال کیے جا سکیں گے۔