کورونا وائرس ، پاکستان میں 6 افراد جاں بحق، ملک بھر لاک ڈائون اور فوج تعینات

کورونا وائرس ،پاکستان میں 6 افراد جاں بحق، ملک بھر لاک ڈائون اور فوج تعینات

بلوچستان میں 66 سالہ شخص انتقال کرگیا جو صوبے میں کورونا سے پہلی ہلاکت ہے، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 884 ہوگئی

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 884 تک جا پہنچی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان بھر میں فوج تعینات کردی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوج کو تعینات کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس کی منظوری اب وزارت داخلہ نے دے دی ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات ہوگی اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔ 

 

ملک میں کورونا وائرس کی آج کی صورتحال
آج بروز پیر ملک بھر سے 88 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 42، پنجاب میں 24، گلگت میں 9، خیبرپختونخوا میں 7، اسلام آباد میں 4 اور بلوچستان میں 2 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق  ہوئی۔نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 884 تک جا پہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس سے اب تک 6 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں جن میں سے 4 کا تعلق سندھ اور 2 کا اسلام آباد سے ہے۔بلوچستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کے بعد ملک میں انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔

 

پنجاب
پنجاب میں آج مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد  246 ہوگئی ہے۔عثمان بزدار کےمطابق ڈی جی خان 177، لاہور 52، گجرات 4، گوجرانوالہ 4، جہلم 3، راولپنڈی 2، ملتان 2 اور سرگودھا میں کورونا وائرس کا ایک مریض ہے۔

 

سندھ
سندھ میں آج  مزید 42 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں اب تک کُل کیسز کی تعداد 394 ہوگئی ہے۔ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد  کراچی میں متاثرہ افراد کی تعداد 132 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں مزید 39 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 260 ہوگئی ہے۔ترجمان کے مطابق سندھ میں 4 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جن میں سے 3 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔ 

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں آج مزید 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 38 ہوگئی ہے۔صوبائی وزارت صحت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 16، پشاور میں 10، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ صوبے میں مہلک وائرس اب تک 3 افراد کی جان لے چکا ہے جبکہ دیگر 35 متاثرہ افراد تاحال زیرعلاج ہیں۔ 

 

بلوچستان میں پہلی ہلاکت کی تصدیق
بلوچستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت ہوئی ہے جہاں کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیرعلاج 66 سالہ مریض انتقال کرگیا ہے۔ صوبے میں آج مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 110 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان 
گلگت بلتستان میں بھی مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ کیسز کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان  کے وزیراعلیٰ محمد حفیظ کے مشیر برائے اطلاعات شمس میر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج سامنے آنے والے 9 مریضوں کا تعلق ضلع نگر سے ہے اور نئے مریضوں کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت میں کورونا وائرس کے 80 مریضوں میں سے 25 کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں جبکہ متاثرہ افراد کو قرنطینہ سے آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ضلع نگر میں 34،  اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

اسلام آباد
سرکاری پورٹل پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کے روز مزید 4 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی اور مجموعی تعداد 15 بتائی گئی ہے۔

آزاد کشمیر 
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔