خودمختار کشمیر کے نظریہ کی کوئی حقیقت نہیں،شاہد خاقان عباسی

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی  نے کہا ہے کہ خود مختار کشمیر کی باتیں اکثر ہوتی ہیں لیکن اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔لندن سکول آف اکنامکس کے جنوبی ایشائی سنٹر میں '' مستقبل کا پاکستان '' کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ خود مختار کشمیر کے نظریے کو تائید حاصل نہیں ہے۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جانا چاہئیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے حل کے بغیر دونوں ممالک ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری نہیں آ سکتی۔کانفرنس میں انہوں نے نواز شریف کی نااہلیت ، چار سالوں کی کارکردگی اور سول ملٹری تعلقات پر بات کی۔ ان کا یہ خطاب 35 منٹ سے زائد دورانیے  پر مشتمل تھا۔ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سول ملٹری تعلقات درست سمت میں جارہے ہیں اور چیزیں سمجھنے کی کوشش کی جارہی ہے،اس میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی بارے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالت نے ایک فیصلہ سنایا اور وزیراعظم نے عہدہ چھوڑ دیا تاہم اس بات کا فیصلہ تاریخ کریگی کہ یہ فیصلہ درست تھا یا غلط۔انہوں نے مزید کہا کہ  مسلم لیگ ن کی حکومت اپنا مقررہ وقت پورا کرنے پر توجہ مرکوز رکھے ہے اور آئندہ عام انتخابات آزادانہ اور شفاف ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ 2008 سے قبل کسی حکومت نے پانچ سال پورے نہیں کئے۔پیپلز پارٹی حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی تاہم انہوں نے اپنا دورانیہ پورا کیا اور موجودہ حکومت بھی اپنا دورانیہ پورا کر رہی ہے جو سیاسی استحکام کی نشانی ہے۔پاکستان میں سب سے مثبت چیز یہ ہے کہ وہاں کے عوام جمہوریت پسند ہیں۔