مظفرآباد،بوگس بل ارسال،محکمہ برقیات نے لاکھوں روپے بٹور لئے،عوام کا احتجاج

مظفرآباد ( (وقائع نگار)محکمہ برقیات نے بوگس بلات جاری کرکے عوام سے لاکھوں روپے بٹورلئے' میٹر ریڈنگ کے مغائر بنائے گئے بلات کا کوئی حساب لینے والا نہیں، عوام کا شدید احتجاج، چیف سیکرٹری سمیت اعلیٰ احکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق محکمہ برقیات ضلع جہلم ویلی کے اہلکاروں نے مبینہ طورپر افیسران کی اشیرباد سے علاقہ ریشیاں میں صارفین کو ہزاروں روپے کے بوگس بلات جاری کرنے کا سلسلہ شروع کررکھاہے جبکہ مجموعی طورپر ماہانہ لاکھوں روپے بجائے خزانہ سرکار میں جمع کرنے کے ملی بھگت سے عوام سے غنڈا ٹیکس وصول کیا جارہاہے۔ عمائدین علاقہ ملک بشیر اعوان، حاجی محمداقبال مغل، مدثرمغل، محمدخورشید، پیرزادہ صادق، شعیب احمد، ممتاز لون، محمدشبیرشیخ ودیگر نے بتایا کہ ہٹیاں بالا کے میٹر ریڈرزنے گذشتہ 6ماہ سے زائد عرصہ سے من مانی قائم کررکھی ہے اور پورے علاقہ میں بدوں میٹر ریڈنگ بوگس بلات جاری کئے جارہے ہیں، علاقہ صارفین دو سے تین بلب استعمال کرتے ہیں اور بمشکل 50یونٹ بھی استعمال نہیں کرتے جبکہ انہیں ایک ہزارسے دوہزار روپنے ماہانہ بلات کا اجراء کیا جارہاہے۔ عمائدین علاقہ نے چیف سیکرٹری سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ محکمہ برقیات کی جانب سے بڑے پیمانے پر لوٹ مار کا فوری نوٹس لیاجائے ۔
