آزادکشمیر،بارش اور برف باری سے کئی علاقوں کا رابطہ منتقع،بجلی کا نظام درہم برہم

مظفرآباد، تتہ پانی، نیلم ( نمائندگان کشمیر ٹوڈے) دارالحکومت مظفرآباد میں بارش کا سلسلہ شروع، پہاڑوں پر برف باری سردی کی شدت دوبارہ لوٹ آئی، کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں گزشتہ رات بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے، بارش کا سلسلہ وقفے  وقفے سے جاری ہے، بالائی علاقوں میں زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے غذائی قلت پیدا ہو گئی ہے، کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے رابطہ سڑک بند ہو کر رہ گئیں ہیں ۔ تتہ پانی اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع، سردی میں پھر اضافہ، بجلی کا نظام درہم برہم ،لنک روڈوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک معطل، عوام کو سخت مشکلات کا سامنا، تفصیلات کے مطابق تتہ پانی اور ملحقہ علاقوں میں ہفتہ کی صبح سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بارش کے ساتھ سردی میں اضافہ ہوگیا ہے،لنک روڈوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک معطل ہے، عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ نیلم سے راجہ ابریز کے مطابق وادی نیلم میں بارش اور بالائی علاقوں میں شدید برف باری زمینی رابطہ منقطع ۔ بالائی نیلم میں ادویات خوراک کی شدید قلت عوام کو مشکلات کا سامنا۔ گریس شونٹھر سرگن ،جانوئی ،پھلاوئی ،ہلمت ،سرداری ،کیل ،شاردہ و دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ۔ تفصیلات کے مطابق بالائی نیلم میں طبی سنٹرز ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت ہے۔ جبکہ متعدد بی ایچ یو ز سے ڈاکٹر بھی غیر معینہ مدت سے اپنی جائے تعیناتیوں سے غائب ہیں۔ سردی کی شدت کی وجہ سے بیماریوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہسپتالوں میں ماتحت عملہ صرف عمارتوں کی چوکیداری تک محدود ہیں۔ بالائی نیلم کے تمام بی ایچ یو ادویات سے خالی پڑے ہوئے ہیں۔ جبکہ گرگریس شونٹھر سرگن ،جانوئی ،پھلاوئی ،ہلمت ،سرداری ،کے راستے بند پڑے ہوئے ہیں ان علاقوں میں خوراک کی بھی شدید قلت ہے۔ پیدل چل کر آنے والے لوگوں نے بتایا ہے کہ حکومت نے آٹا سٹاک نہیں کیا تھا۔ سرکاری ڈپو بھی خالی پڑے ہوئے ہیں۔ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش برف باری کی وجہ سے نقل حمل بھی محددود ہے۔ مقامی انتظامیہ نے بھی صورتحال سے نمٹنے کے بجائے خاموشی اختیار کر کھی ہے۔