جنوبی افریقا کیخلاف فتح کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار

لندن: ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 49 رنز سے شکست دے دی اور اس طرح سیمی فائنل میں رسائی کیلئے پاکستان کا سفر ابھی جاری ہے۔ پاکستان کو بقیہ تین میچوں میں نیوزی لینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دینا ہوگی۔ورلڈ کپ میں پانچواں میچ ہار کر افغانستان کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم بھی باہر ہوگئی ہے۔ پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست تو دی پر روایتی فیلڈنگ کرنا بھی نہیں بھولی، جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں پاکستان نے 7 کیچز ڈراپ کیے ، فاسٹ بولر محمد عامر کے ہاتھ چار کیچز نہ آئے، وکٹ کیپر سرفرازاحمد ، وہاب ریاض اور شاداب بھی کیچز نہ تھام سکے۔ ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 309 رنز کا ہدف دیا، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بناسکی۔ میگا ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 2 میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 7 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، 5 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔ اس میچ میں شکست کے بعد جنوبی افریقا کیلئے سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں ختم ہوگئی ہیں۔ایونٹ میں رہنے سے متعلق پاکستان ٹیم کیلئے اگر مگر کا چکر مزید دلچسپ ہو گیا ہے، ٹیم کو نہ صرف اگلے تمام میچ اچھے مارجن سے جیتنا ہوں گے بلکہ شائقین کو انگلینڈ کے اگلے میچوں میں ہار کی دعائیں بھی مانگنا ہوں گی۔
