سیرت طیبہ انسانیت کےلئے ذریعہ رشد وہدایت،مولانا نعیم 

سید المرسلین و خاتم النبیین کانفرنس

 آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے، سید المرسلین و خاتم النبیین کانفرنس سے خطاب

اٹک:سید المرسلین و خاتم النبیین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی و سیاسی قائدین مولانا محمد نعیم، اقبال خان، قاری محمد اسماعیل، ناصر خان، صاحبزادہ حافظ انیس احمد غفوری، حافظ شیر محمد، محمد فضل وہاب، خالد خان، مولانا قمر الاسلام، مولانا مسعود ضیاءاور عمران خان نے کہا ہے کہ امام الانبیاءحضرت محمد مصطفی کی مبارک اور پاکیزہ زندگی دنیا بھر کے انسانوں کیلئے ذریعہ رشد و ہدایت ہے، آنحضرت دنیا کے عظیم ترین انسان ہیں جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ ہمارے لیئے روشنی ہے، آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے، آپ سے محبت، عقیدت کے ساتھ ساتھ آپ کی پاکیزہ زندگی اور سیرت مطہرہ کو اپنا کر ہم موجودہ مسائل اور مشکلات سے چھٹکارہ پا سکتے ہیں۔

 

 اس عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر چھچھ محافظ کمیٹی کے چیئرمین عمران خان، جنرل سیکرٹری مسعود ضیاءو دیگر معزز عہدیداران و اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں اللہ اس پلیٹ فارم کو دن دگنی رات چگنی ترقی عطاءفرمائے اور علاقہ کی بہتری اور خیر کے پھیلاؤ میں مزید توفیق عطا فرمائے، یقینا اس جیسے مبارک تقاریب کا انعقاد نہ صرف انتہائی خوش آئند بلکہ قابل تقلید بھی ہے، ایسے پلیٹ فارم ہر علاقہ کی اہم ضرورت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مذہبی، دینی، سیاسی و سماجی جماعتوں، گروپوں اور تنظیموں پر مشتمل سرزمین علاقہ چھچھ و حضرو کے واحد متفقہ غیر سیاسی پلیٹ فارم چھچھ محافظ کمیٹی تحصیل حضرو کے زیر اہتمام سید المرسلین و خاتم النبیین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جمعیت علماءاسلام کے امیر مولانا محمد نعیم، جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اقبال خان، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ممتاز راہنما حافظ شیر محمد خان، تحفظ ختم نبوت کے رہنما قاری محمد اسماعیل، جمعیت علماءپاکستان کے سینئر رہنما مولانا علامہ ناصر علی خان، تحریک منہاج القرآن کے ممتاز رہنما و سکالر حافظ صاحبزادہ انیس احمد غفوری، مرکزی سیرت کمیٹی کے ممتاز رہنما مولانا فضل وہاب، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما محمد خالد خان، پیپلز پارٹی کے ضلعی نائب صدر نصیر خان جدون، مسلم لیگ نواز کے ضلعی رہنما ملک انصار احمد نے اپنے خطاب میں نبی آخرزماںﷺ کی سیرت طیبہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی اس عظیم الشان کانفرنس میں ممتاز مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی، ادبی شخصیات کے علاوہ چھچھ محافظ کمیٹی تحصیل حضرو کے معزز عہدیداران و اراکین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔