میں خاموش تھی تو اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ ذاتی وجوہات پر خاموش تھی، والد صاحب کے طبیعت خراب ہے، جب بڑے ہدایت دیں گے تو آگے آکر کردار ادا کروں گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں کو ضمانت پر رہائی پر مبارک باد دی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئین و جمہوریت اور سویلین بالادستی کے ساتھ ان کی کمٹمنٹ اور مضبوط ہوئی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے والد نواز شریف کے دل کی ایک شریان 90 فیصد بند ہے،جس کا علاج ہونا ہے،میرا بھی دل کرتاہے میں بھی والد کے پاس ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت بھی جانتی ہے مجھ پر مقدمات کی وجہ کیا ہے ، لندن جانے کی اجازت مل جائے تو اچھاہے، نہیں ملی تو والد صاحب کو جلداز جلد علاج کرانے کا کہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں خاموش تھی تو اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ اقتدار میں رہنے سے جتنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بے نقاب ہوئی ہے اگر چلی جاتی تو نہ ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو برطانیہ کو خط میں یہ بھی لکھنا چاہیے تھا کہ نواز شریف کی زندگی کو خطرے کی رپورٹ انہوں نے ہی بنائی تھی۔
