پاکستان ،کورونا وائرس کے مزید 131 کیسز کی تصدیق، مجموعی تعداد 184 ہوگئی

پاکستان ،کورونا وائرس کے مزید 131 کیسز کی تصدیق، مجموعی تعداد 184 ہوگئی

کراچی، ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان، سکھر: پاکستان کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے آج بدترین دن رہا اور مزید 131 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 184 تک جاپہنچی

۔آج تفتان سے سکھر آنے والے مزید 106، کراچی میں 8، خیبرپختونخوا میں 15 جبکہ حیدر آباد اور ملتان میں کورونا وائرس کا ایک ایک کیس سامنے آیا۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے آج مزید 115 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 150 ہوگئی ہے۔تفتان سے سکھر آنے والے مزید 106 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اب تک متاثرہ زائرین کی تعداد 119 ہوگئی ہے جبکہ کراچی میں آج مزید 8 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 30 تک جاپہنچی ہے۔اس کے علاوہ حیدرآباد میں بھی ایک مریض کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

خیبر پختونخوا 
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے تصدیق کی ہے کہ خیبر پختونخوا میں 15 کورونا سامنے آئے ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ 19 افراد ایک ہفتہ قبل تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے تھے  جن میں سے 15 کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

 

پنجاب 
پنجاب میں دوسرے مریض میں مہلک وائرس کی تصدیق
ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب کے شہر ملتان میں بھی ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔فوکل پرسن ڈاکٹر عطاالرحمان نے بھی ملتان کے نشتراسپتال میں داخل مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کا شکار 44 سالہ مریض لیہ کا رہائشی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مریض تفتان سے ڈیرہ غازی خان کے کورونا کیئر سینٹر منتقل 800 افراد میں تھا جبکہ نشتر اسپتال میں زیر علاج 2 مریضوں کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ملتان کے شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں بھی کورونا وائرس پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔