اسپین نے آزادی کا اعلان کرنے والی کاتالونیا کی حکومت برطرف کردی

میڈرڈ(اے این این) اسپین کی حکومت نے آزادی کا اعلان کرنے والے نیم خودمختار علاقے کاتالونیا کی حکومت کو برطرف اور پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم ماریانو راجاے نے کاتالونیا کی علاقائی پارلیمانٹ کی جانب سے آزادی کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد وہاں کی حکومت کو برطرف اور پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا جبکہ 21 دسمبر کو قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔جرمنی، امریکا، فرانس اور برطانیہ نے اسپین کی مرکزی حکومت کے اس اقدام کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کاتالونیا کی آزادی کی مخالفت کی ہے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم ماریانو راجاے نے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ قانون سے بالاتر ہوکر فیصلہ کرے، حالات کو معمول پر لانے کے لیے کاتالونیا پر براہ راست وفاق کا اقتدار نافذ کرنا ضروری ہے۔ہسپانوی وزیراعظم نے کاتالونیہ حکومت کے سربراہ کارلیس پوگیمونٹ اور ان کی کابینہ کو فارغ کرتے ہوئے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو بھی معطل کر دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کاتالونیا کی پارلیمنٹ نے رائے شماری کے بعد اسپین سے آزادی کا اعلان کر دیا تھا اور علیحدگی کے حق میں 70 جب کہ مخالفت میں 10 ووٹ ڈالے گئے۔وزیر اعظم ماریانو راجاے نے کہا کہ کاتالونیہ کے لوگوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا تھا لیکن کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ قانون سے بلاتر ہو کر اپنے مطابق فیصلہ کرے۔ رواں ماہ کے اوائل میں کاتالونیا میں ریفرنڈم ہوا تھا جس میں 90 فیصد عوام نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تاہم اسپین کی مرکزی حکومت اور سپریم کورٹ نے اس ریفرنڈم کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو کاتالونیا میں اسپین سے آزادی کے لیے ریفرنڈم میں 90فیصد افراد نے آزاد ریاست کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد کاتالونیا کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اسپین کی حکومت سے علیحدگی کے حوالے سے مذاکرات میں مدد کرے بصورت دیگر وہ یکطرفہ طور پر اسپین سے علیحدگی اور آزادی کا اعلان کرسکتی ہے۔اسپین کی حکومت اور سپریم کورٹ نے اس استصواب رائے کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے بعد ہسپانوی پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ریفرنڈم کو روکنے کی بھرپور کوشش کی اور پولنگ اسٹیشنز کو بند کرکے وہاں موجود ووٹرز کو منشتر کرنے کے لیے ان پر ربڑ کی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 900 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔کاتالونیا اسپین کا شمال مشرقی حصہ ہے جسے نیم خودمختار ریاست کی حیثیت حاصل ہے یہاں کی کل آبادی 75 لاکھ ہے اور نسبتا یہ علاقہ اسپین کے دیگر شہروں سے زیادہ خوشحال ہے۔