نواز شریف کی آمد کشمیریوں سے محبت کا ثبوت ہے، مشتاق منہاس

مظفرآباد(وقائع نگار) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،ائی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قومی الیکٹرانک چینلز کو بیس کیمپ کے دارالحکومت سے پرائم ٹائم کے پروگرام کرنے چاہئیں جن کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندوں کو یہ پیغام دینا ہو کہ قومی میڈیا ان کے جائز حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنا افضل جہاد ہے اور کشمیریوں نے یہ کر کے دکھایا ہے۔حریت رہنماء سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت تمام رہنماوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ یوم یکجہتی کے موقع پر قائد پاکستان محمد نوازشریف کی مظفراباد امد کشمیریوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف کشمیری عوام کے محسن ہیں جن کا والہانہ،پرتپاک،مثالی اور تاریخی استقبال کیا جائے گا۔انہوں نے پاکستان کے قومی الیکٹرانک میڈیا کو تجویز دی کہ وہ 4 اور 5 فروری کو خود کو تحریک ازادی کشمیر کے لئے وقف کردیں اور بیس کیمپ کے دارالحکومت جہاں سے سرینگر بھی قریب ہے سے پرائم ٹائم کے پروگرام کریں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے خلاف برسر پیکار کشمیری حریت پسندوں کا حوصلہ بلند ہو اور شہداء کشمیر کے دلوں کو سکون ملے کہ پاکستانی میڈیا ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر قیادت مسلم لیگ حکومت کی ترجیح اول مسئلہ کشمیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر موقع پر اپنے قائد محمد نواز شریف کا تعاون حاصل ہوتاہے جس کی وجہ سے اس وقت حکومت عوام کی بہترین انداز میں خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بے چینی سے اپنے قائد اور دلوں کے وزیراعظم محمد نواز شریف کا انتظار کر رہے ہیں اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب ہیں۔
