کوہالہ سیری بانڈی روڈ حکومتی عدم توجہی سے ناقابل استعمال ہو گئی

دھیرکوٹ(راجہ انعام الحق خان)کوہالہ سیری بانڈی روڈ حکومتی عدم توجہی کے باعث ناقابل استعمال ہوکررہ گئی، سلائیڈز کی وجہ سے ایک کلومیٹر سڑک گزشتہ کئی عرصہ سے ناقابل رفتارہے ا ور آئے روز حادثات معمول بن گئے ،کئی قیمتی انسانی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں اور کئی قیمتی گاڑیاں تباہ ہوچکی ہیں، معمولی بارش کے باعث کئی کئی دن راستہ بندرہتاہے اور حکومت کو ٹس سے مس نہیں ہورہی ، گزشتہ روز معمولی بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے بھی ایک قیمتی جان ضائع ہوگئی ہے اور مسافر وں کو شدید مشکلات کاسامناہے، سڑک کی ناگفتہ بے صورت حال کے باعث عوام ،مریضوں، طلباء وطالبات کو شدید مشکلات کاسامناہے، جس پر عوام علاقہ کے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں، عوامی رہنمائوں نے حکومت سے فی الفور سڑک کی تعمیرکامطالبہ کیاہے بصورت دیگر شدید احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ عوامی نمائندں نے کہا ہے کہ انتہائی اہم نوعیت کی سڑک پر حکومت کی عدم توجہی، عوامی مشکلات میں اضافے کاباعث بن رہی ہے، اس سڑک پر توجہ نہ دی گئی تو عوام راست اقدام پر مجبورہوںگے۔
