آزادکشمیر میں بہت جلد بے رحم اور کڑا احتساب ہونیوالا ہے،بیرسٹر سلطان

میرپور(بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر ترقیاتی کاموں کے بجائے لوگوں کا استحصال کر رہی ہے بالخصوص میرپور میں سٹاف کالونی کی جگہ استحصالی اور مفاداتی ٹولہ پلازہ بنا کر پیسہ ہڑپ کرنا چاہتا ہے یہاں کے رہائشیوں کو یہاں سے نکالنے کا منصوبہ بن چکا ہے سٹاف کالونی کے رہائشیوں کو یقین دلاتا ہوں میری موجودگی میں سٹاف کالونی کے رہائشیوں کو یہاں سے کوئی نہیں نکال سکتا ہم سٹاف کالونی کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے پاکستان میں اگلے چند ہفتوں میں نیب اہم فیصلے کرنے جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں کرپٹ عناصر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے کشمیر میں بے رحم اور کڑا احتساب ہونے والا ہے پچھلے طویل عرصہ سے لوٹ کھسوٹ کر کے اپنی تجوریاں بھرنے والے اس بے رحم اور اندھے احتساب و انصاف کی زد میں ہوں گے بیورو کریسی کو متنبہ کرتا ہوں وہ سیاستدانوں کی کرپشن میں حصہ دار نہ بنے ماضی گواہ ہے سیاستدان ہمیشہ بیوروکریسی کو قربانی کا بکرا بناتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹاف کالونی میرپور کے رہائشیوں کے جلسہ عام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسہ عام کی صدارت سابق پٹواری راجہ محمد اکرم نے کی جبکہ مرزا وسیم جرال اور چوہدری یوسف نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا اس موقع پر چوہدری ایوب، چوہدری صدیق ،چوہدری منشا ،چوہدری امجد، چوہدری تیمور خالد، چوہدری وحید پوٹھی، چوہدری قدیر احمد، مرزا ظفر جرال، چوہدری عرفان رزاق ،خالق قربان، راجہ بابری اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں جہاں بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کرنے ریاست کو اقتصادی طور پر خود کفیل بنانے کرپشن ،تعصبات کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کر رہا ہوں وہیں میرپور کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد بھی میری فوری ترجیحات میں شامل رہا ہے میرپور میں سوئی گیس میرے دورِ حکومت میں دی گئی ہم نے یہاں سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے سڑکات کو کشادہ کیا ۔سبزی منڈی، لاری اڈا کا قیام عمل میں لائے۔ ائیرپورٹ کا منصوبہ چوہدری مجید نے نواز شریف کے ساتھ ساز باز کر کے ختم کیا۔ تحریک انصاف کے برسرِ اقتدار آتے ہی میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا قیام عمل لائیں گے۔ میرپور کی ترقی خوشحالی اور وسیع تر مفادات کی خاطر میرپور کے عوام ہمارا ساتھ دیں۔