حضرو:کھلی کچہری میں سیاسی مداخلت اور 2 گروپوں میں لڑائی پر کھلی کچہری منسوخ 

اٹک :سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایس ای واپڈا آئیسکو سرکل واہ کینٹ کی کھلی کچہری میں سابق ایس ڈی او غورغشتی ملک ریاض کے خلاف عوام پھٹ پڑے۔

 آئندہ کبھی غورغشتی یا تحصیل حضرو میں تعینات نہ کرنے کا اور تحصیل حضرو میں واپڈا کو وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاست سے پاک کرنے کا متفقہ مطالبہ ، نو تعینات ایس ڈی او غورغشتی انجینئر امجد خان پر تمام شرکاء کا اظہار اطمینان ، ایس ای واپڈا انجینئر عارف خان نے بھی سابق ایس ڈی او کی کرپشن کو ثابت شدہ تسلیم کرکے سخت محکمانہ انکوائری کی نوید سناتے ہوئے صارفین بجلی و متاثرین کی تمام شکایات دور کرنے اور واپڈا کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کا اعلان کر دیا عوام کا ملک ریاض کے خلاف کرپشن ثابت ہونے اور نوٹس جاری ہونے پر اطمینان کا اظہار ، کھلی کچہری میں سیاسی مداخلت اور کوآرڈینیٹرز تعیناتی پر 2 گروپوں میں لڑائی پر کھلی کچہری منسوخ 

تفصیلات کے مطابق غورغشتی میں ایس ای واپڈا انجینئر عارف خان نے شیڈول و معمول کے مطابق آئیسکو غورغشتی سب ڈویژن میں بھر پور کھلی کچہری لگائی جس کے بہترین انتظامات ایس ڈی او امجد خان نے کر رکھے تھے اس موقع پر ایکسئین اٹک الطاف حسین کھوکھر ، ایس ڈی او حضرو خان زیب سمیت واپڈا کے دیگر افسران بھی موجود تھے کھلی کچہری میں صارفین بجلی اور متاثرین نے سابق ایس ڈی او ملک ریاض کی کرپشن کے انبار لگا دیئے جس پر ایس ای انجینئر عارف خان نے کہا کہ میں نے اپنے ابتدائیہ میں ہی کہہ دیا ہے ماضی میں جو کچھ ہوا اس سے باخبر ہوں ملک ریاض کے خلاف شکایات اور کرپشن کے ثبوت موجود ہونے کی وجہ سے محکمانہ کارروائی جاری ہے اور اس کو باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے آپ مطمئن رہیں واپڈا میں کوئی کالی بھیڑ نہیں چھوڑیں گے کھلی کچہری میں کوئی ایسا شخص موجود نہیں تھا جو ملک ریاض کی حمایت میں بول سکتا یہاں تک کہ جب ڈاکٹر سخاوت حسین نے اپنی شکایت کے دوران کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ ملک ریاض کرپٹ ہے وہ ہاتھ کھڑے کریں تو 95 فیصد شرکاء نے دونوں ہاتھ کھڑے کر کے ڈاکٹر سخاوت کی حمایت کی دریں اثناء جب مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے کوآرڈینیٹر مشتاق میر نے اپنی مثبت اور جائز گفتگو کے دوران مخالف گروپ کی طرف سے سیاسی کوآرڈینیٹرز پر اعتراض کا جواب دینا شروع کیا تو دوسرے گروپ نے شور شرابہ شروع کر دیا اور کہا کہ ہم کسی صورت واپڈا میں سیاست اور کھمبوں کے ساتھ کھڑے ہوکر تصویریں بنانے کا عمل نہیں کرنے دیں گے جس پر ہلڑ بازی شروع ہوگئی اور کھلی کچہری میں موجود پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرکے بچ بچاوَ کرایا جبکہ ایس ایس واپڈا نے کھلی کچہری منسوخ کر دی اور ایس ڈی او کے کمرے میں چلے گئے جہاں پر کئی لوگوں نے انہیں اپنی درخواستیں پیش کیں ۔